ایبٹ آباد (اے این این) ایبٹ آباد سے جرل جانیوالی مسافر وین گہری کھائی میں جاگری،5 افراد جاں بحق اور پانچ سے زائد زخمی ہو گئے، حادثہ وین کی اچانک بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا، گاڑی میں مجموعی طور پر14 افراد سوار تھے۔ ڈرائیور سمیت 3 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ دو افراد ہسپتال لے جاتے ہوئے خالق حقیقی سے جاملے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ شیروان کی حدود سندو گلی کے مقام پر ایک تیز رفتار وین پھسل کر گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت 3 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ دو افراد ہسپتال لے جاتے ہوئے خالق حقیقی سے جاملے۔ واقعہ کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جنہوں نے لاشوں اور زخمیوں کو وین سے نکالا۔ پولیس کے مطابق بریک فیل ہونے کی وجہ سے ڈرائیور وین پر قابو نہ رکھ سکا اور وہ حادثے کا شکار ہو گئی۔ جاں بحق ہونیوالوں میں وین ڈرائیور فخر زمان ولد چن زیب ، ریاض ولد رضا محمد اور سلیمہ جان کے ناموں کی شناخت کرلی گئی ہے تاہم دو افراد کی شناخت نہیں ہو سکی۔ شدید زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اور ایوب ہاسپٹل کمپلیکس منتقل کردیا گیا ہے۔ زخمی ہونے والے افراد میں شاہدہ بی بی، شیر بہادر،اعجاز احمد،حنا بی بی ،عظمت بی بی ،محمد یاسر، لیاقت، محمد نعیم اور محمد عرفان شامل ہیں۔