روٹی‘ کپڑا‘ پختون ، اسلام پر دھوکہ دینے والوں کی سیاست ختم ہو چکی: پرویز خٹک

Jan 17, 2018

پشاور (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے روٹی‘ کپڑا‘ مکان‘ پختون اور اسلام کے نام پر عوام کو دھوکہ دینے والوں کی سیاست اب ختم ہو چکی ہے۔ مخالفین غلط فہمی میں ہیں کہ وہ پی ٹی آئی کا مقابلہ کر لیں گے۔ تحریک انصاف نوجوانوں کی جماعت ہے۔ اس سے کسی بھی سیاسی جماعت کا موازنہ اور مقابلہ بنتا ہی نہیں۔ پی ٹی آئی اور روایتی سیاسی جماعتوں میں فرق یہی ہے۔ پی ٹی آئی غریب عوام کا درد رکھتی ہے جبکہ مفاد پرست حکمرانوں اور سیاستدانوں نے غریب کو دانستہ طورپر محروم رکھا۔ غریب آدمی کے ساتھ مجرم سیاستدانوں نے جو ظلم کیا‘ اس کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔ سیاستدانوں نے سادہ عوام کو گلی نالی کے چکر میں الجھائے رکھا۔ کسی کو احساس اور شعور تک نہیں ہونے دیا کہ اصل مسائل کیا ہیں۔ تحریک انصاف نے آکر عوام کو شعور دیا اور نظام کی تبدیلی کا نعرہ لگایا۔ یہی وجہ ہے آج زندگی کے ہر طبقے سے لوگ تحریک انصاف میں شامل ہو رہے ہیں۔ خیبر پی کے میں حقیقی اسلامی فلاحی ریاست کی بنیاد رکھ دی۔ ایک ایسا نظام دیا جس میں ہر شعبے میں غریب کو انصاف اور خدمات میسر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی کے 10 اضاخیل ناکوبند‘ بڈھ بیر میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ نے ورسک لٹ کنال کی ری ماڈلنگ اور پمپ ہائوس کی اپ گریڈیشن کا افتتاح کیا جس کا تخمینہ 2504.69 ملین روپے ہے۔

مزیدخبریں