اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے بھارت کشمیر میں مسلمانوں کے علاقے پر قبضہ کرکے بیٹھا ہوا ہے۔ ادھر اسرائیل مسلمانوں کے بہت بڑے علاقے پر قبضہ کرکے بیٹھا ہوا ہے۔ بھارت اور اسرائیل کے مقاصد ایک ہی ہیں۔ ہم بھارت اور اسرائیل کے گٹھ جوڑ کے باوجود اپنا دفاع کر سکتے ہیں۔ پاکستان نے کبھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا۔ بھارت اور اسرائیل مسلمان علاقوں پر قبضہ کئے ہوئے ہیں۔ پاکستانی حکومت کی گھبراہٹ سے دوچار نہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا دہشت گردی کے خلاف کامیابی بہت قربانیوں کے بعد حاصل کی۔ ہماری دفاعی استعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ ہماری افواج دہشت گردی کے خلاف بھرپور انداز میں لڑ رہی ہیں۔ دہشت گردوں نے مذہبی لبادہ اوڑھ رکھا ہے۔ کشمیر کے معاملے پر پاکستان کی ایک قسم کی بقا وابستہ ہے۔ بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ اسلام دشمنی ہے۔ مزید برآں ایک ٹویٹ میں خواجہ آصف نے کہا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو رحمت اللعالمین بنا کر بھیجا گیا۔ اسلام میں دوسروں پر اپنے نظریات مسلط نہیں کئے جا سکتے۔ اسلام میں جان و مال کو دہشتگردی کا نشانہ بنانے کی گنجائش نہیں۔