اسلام آباد (آئی این پی)بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل نے کہا ہے کہ حکومت گرانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، حکومت اگر خود گری تو معلوم نہیں بچا سکیں گے یا نہیں، مطالبان مان لئے گئے تو حکومت کے ساتھ چلنے کو تیار ہیں۔ بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اختر مینگل نے کہا پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سے اتحاد کےلئے 6نکات پر عملدرآمد کی شرط رکھی تھی، بدقسمتی سے حکومت ہمارے مطالبات پر ایک فیصد بھی عملدرآمد نہیں کر سکی، حکومت کے روپے میں چار ماہ گزر جانے کے باوجود کوئی سنجیدگی نظر نہیں آرہی۔ پی ٹی آئی کی حکومت سے اتحاد جاری رکھنے یا ختم کرنے کا حتمی فیصلہ پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کرے گی اور آئندہ لائحہ عمل بھی طے کیا جائے گا۔ ہم نے ہر جگہ پر حکومت کی حمایت کی اور ابھی بھی آزاد بینچوں پر قومی اسمبلی کے اندر بیٹھ رہے ہیں۔ سیاسی جماعتوں کا اکٹھا ہونا جمہوریت اداروں کی مضبوطی کی ایک کڑی ہے۔ دعا ہے کہ ان کا اکٹھا ہونا جمہوری اداروں کی مضبوطی کا باعث بنے اور وہ خود کو دوسروں کی بیساکھی نہ بنائیں۔
اخترمینگل