پنجاب اسمبلی میں طبیعت خراب، ایم پی اے مظہر عباس راں انتقال کرگئے‘اجلاس ملتوی

Jan 17, 2019

لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی ملک مظہر عباس راں انتقال کر گئے جس کے باعث پنجاب اسمبلی کا اجلاس بغیر کسی کارروائی کے آج جمعرات تک کیلئے ملتوی کر دیا گیا۔ پی پی 218 سے تحریک انصاف کے رکن ملک مظہر عباس راں کو منگل کے روز اسمبلی اجلاس کے دوران ہی اچانک طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ گزشتہ روز اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ ملک عباس راں کی میت کو ایمبولینس کے ذریعے ان کے آبائی علاقے ملتان روانہ کر دیا گیا۔ ملک مظہر عباس راں یکم فروری 1953کو ملتان میں پیدا ہوئے اور انہوں نے گورنمنٹ کالج ملتان سے گریجوایشن کی۔ وہ طلبہ یونین کے صدر بھی رہے ، 1996ءمیں وزیراعلیٰ کے مشیر رہے۔ 1997-99، 2013-18تک رکن اسمبلی رہے اور 2018ءمیں ہونے والے عام انتخابات میں کامیاب ہو کر پنجاب اسمبلی کے رکن بنے۔ انہوں نے سوگواروں میں تین بچے چھوڑے ہیں۔دریں اثنا سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے مظہر عباس راں کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ اور غمزدہ خاندان کو صبر عطا کرے۔مظہر عباس کی نماز جنازہ آج صبح دس بجے قادر پور راں بائی پاس نزد حسین ملز ادا کی جائے گی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی اور قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے ملک مظہر عباس راں کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔ اپنے تعزیتی بیان میں مرحوم کو ایک منجھا ہوا سیاستدان اور پارلیمنٹیرین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ کافی عرصہ پارلیمنٹ میں اکٹھے گزرا۔


مظہر راں انتقال

مزیدخبریں