لاہور (کلچرل رپورٹر)وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چودھری کے اس بیان ’’مقامی فلمسازوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور فلم انڈسٹری کے آلات پر ٹیکس کم کرینگے ‘‘پر فلمی صنعت سے وابستہ افراد نے ملے جلے ر دعمل کااظہار کیاہے ۔اداکارمعمررانااکاکہناتھاکہ بیان بازی تو ہرحکومت کرتی ہے لیکن اسے عملی جاما پہنانا اصل کا م ہے ۔دیکھتے ہیں کہ حکومت کیا کرتی ہے ۔اداکارہ ریشم کاکہناتھاکہ حکومت کوچاہیے کہ وہ فلمی صنعت کے مسائل حل کرنے کیلئے سنجیدگی سے غور کرے اورصرف بیانات کی حدتک محدود نہ ہوبلکہ اس پر ضروری اقدامات بھی اٹھائے جائیں۔اداکارمصطفی قریشی کاکہناتھاکہ توقع ہے کہ موجودہ حکومت فلم انڈسٹری کی ترویج کیلئے موثر اقدامات اٹھائے گی ۔حکومت فن وثقافت کے فروغ کیلئے سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔فلمسازوں کے مسائل حل کیے بغیرفلمی صنعت کی ترقی کرنا مشکل ہے ۔ آج جب فلم انڈسٹری جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ہے اور نوجوان اس میدان میںطبع آزمائی کررہے ہیں ۔حکومت کی توجہ نہایت ضروری ہے ۔اداکار شفقت چیمہ کاکہناتھاکہ ایک عرصے سے سن رہے ہیں ،ہرآنے والی حکومت آغازمیںبڑے بلندوبانگ دعو ے کرتی ہے لیکن فلم انڈسٹری کی طرف کسی بھی حکومت نے توجہ نہیں دی ۔خدا کرکے فواد چودھری کے اعلانات پرعملد رآمد ہوجائے ۔ہم حکومت کے بے حد مشکورہونگے ۔