لاہور ( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) ہاکی ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی، تحقیقاتی کمیٹی نے کام روک دیا، صدر پی ایچ ایف کا بھی جواب دینے سے گریز۔حالیہ ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم نے 12 ویں پوزیشن حاصل کرکے اولمپک گیمز میں براہ راست کوالیفائی کرنے کا موقع ضائع کردیا۔ پاکستان ٹیم کی ناقص کاکردگی پر پی ایچ ایف نے تحقیقاتی کمیٹی بنائی جو اب بے بس کمیٹی بن کر رہ گئی ہے۔ پی ایچ ایف کے صدر خالد سجاد کھوکھر نے خود کمیٹی بنائی اور اب وہ رشید جونئیر کی سربراہی میں کام کرنیوالی کمیٹی کے سامنے خود بھی پیش ہونے سے کترا رہے ہیں اور بھیجے گئے سوال نامہ کو جواب دینے سے بھی کترا رہے ہیں۔ چیف سلیکٹر اصلاح الدین، ہیڈ کوچ توقیر ڈار جواب جمع کروا چکے ہیں جبکہ دیگر عہدیدار کمیٹی کے ساتھ تعاون نہیں کررہے۔ رشید جونئیر کے مطابق جب تک کوئی جواب نہیں دے گا تو کمیٹی تحقیقات کو کیسے آگے بڑھائے گی۔