لاہور(سپورٹس ڈیسک) پاکستان کے ٹینس سٹار اعصام الحق قریشی اور ان کے پارٹنر سانٹیاگو گونزالیز آسٹریلین اوپن مینز ڈبلز ایونٹ کے پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہوگئے۔ اعصام الحق اور پارٹنر سانٹیاگو گونزالیز کوہنری کانٹینن اور جان پیرز نے پہلا سیٹ 3-6 سے جیتا۔دوسرے سیٹ میں اعصام کے مخالفین کو 1-4 کی برتری حاصل تھی تاہم پاکستانی سٹار کی ٹیم اس موقع پر ریٹائر ہوگئی۔میچ میں ہنری اور جان پوری طرح چھائے رہے اور پاکستانی حریف اور ان کے پارٹنر کر کھل کر کھیلنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔ اس دوران اعصام کی ٹیم غلطیاں بھی کرتی رہی۔جرمنی کی انجلیق کربر، ڈنمارک کی کیرولین وزنائیکی، روسی ٹین کوئین ماریہ شراپوا، جمہوریہ چیک کی پٹرا کویٹوا اور جاپان کی نائومی اوساکا ویمنز سنگلز دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئیں۔ ویمنز سنگلز میں جرمنی کی انجلیق کربر نے برازیل کی مایا کو 6-2 اور 6-3 سے شکست دی۔ ڈنمارک کی کیرولین وزنائیکی نے سویڈن کی جوہانا لارسن کو 6-1 اور 6-3 سے ہرایا۔ روس کی ماریہ شراپووا نے انگلینڈ کی ہیرٹ ڈارٹ کو 6-0 اور 6-0 سے مات دی۔ جمہوریہ چیک کی پیٹرا کویٹوا نے رومانیہ کی ارینا بیگیو کو‘ جاپان کی نائومی اوساکا نے پولینڈ کی ماگدا لینیٹی کو شکست دی۔رافیل نڈال نے میزبان میتھیوایبڈن کو 6-3، 6-2 اور 6-2 سے ہرا کر دوسرے رائونڈ میں جگہ بنائی۔سوئس سٹار راجر فیڈرر نے انگلینڈ کے ڈان ایونز کو 7-6(7-5)، 7-6(7-3) اور 6-3 سے ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا، کروشیا کے مارین کلک نے امریکہ کے مک ڈونلڈ کو 7-5، 6-7(9-11)، 6-4 اور 6-4 سے شکست دیکر میگا ایونٹ کے دوسرے رائونڈ تک رسائی حاصل کی۔ سپین کے باٹیسٹا نے میزبان جان ملمین کوشکست دیکر دوسرے رائونڈ تک رسائی حاصل کی۔ فابیو فوگنینی، لیونارڈو میئر، ایوشکا، کارلووچ، ہریسن، ڈینل مدودوف، بورنا کورک، ہیون چنگ، جائلز سیمن اور الیگزینڈر زیوریف اپنے اپنے حریفوں کو شکست دیدی۔
اعصام الحق آسٹریلین اوپن کے مینز ڈبلز ایونٹ سے باہر ہوگئے
Jan 17, 2019