قومی کرکٹ ٹیم پورٹ ایلزبتھ پہنچ گئی‘ آج سے پریکٹس ہو گی

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز کے پہلے میچ کے لیے قومی ٹیم پورٹ الزبتھ پہنچ گئی ہے۔جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان 5 ایک روزہ میچز کی سیریز کا پہلا مقابلہ 19جنوری کو ہوگا، پاکستان سے روانہ ہونے والے عماد وسیم اور حسین طلعت، بی پی ایل میں شرکت کرنے والے شعیب ملک اور محمد حفیظ بنگلہ دیش اور بگ بیش کا حصہ بننے والے عثمان شنواری آسٹریلیا سے گزشتہ روز ہی جوہانسبرگ پہنچ گئے تھے۔جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد ون ڈے سکواڈ میں بھی منتخب ہونے کپتان سرفراز احمد، فخرزمان، امام الحق، شان مسعود، بابر اعظم، محمد رضوان، شاداب خان، فہیم اشرف، حسن علی، محمد عامر اور شاہین شاہ آفریدی پہلے ہی وہاں موجود تھے۔ ون ڈے سکواڈ گزشتہ روز جوہانسبرگ سے پورٹ الزبتھ پہنچا۔مہمان کرکٹرز آج سے پریکٹس کا آغاز کرتے ہوئے خود کو وائٹ بال کرکٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی کوشش کریں گے۔ دوسری جانب ٹیسٹ سیریز مکمل ہونے کے بعد اظہر علی، اسد شفیق، محمد عباس اور یاسر شاہ جوہانسبرگ سے ہی وطن واپسی کیلئے عازم سفر ہوگئے۔کرکٹ ٹیم نے گزشتہ روز آرام کیا اورآج سے پورٹ الزبتھ میں ٹریننگ کا آغاز کیا جائے گا۔جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے 16 رکنی قومی سکواڈ کپتان سرفراز احمد، فخرزمان، امام الحق، طلعت حسین، بابراعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، شان مسعود، عماد وسیم، فہیم اشرف، محمد رضوان، شاداب خان، محمد عامر، عثمان خان شنواری اور شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل ہے۔ دوسرا میچ 22 جنوری کو ڈربن، تیسرا میچ 25 جنوری کو سنچورین، چوتھا میچ 27 جنوری کو جوہانسبرگ جبکہ پانچواں اور آخری میچ 30 جنوری کو کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔ درمیان تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ یکم فروری کو کیپ ٹاؤن، دوسرا میچ 3 فروری کو جوہانسبرگ جبکہ تیسرا اور آخری میچ 6 فروری کو سنچورین کھیلا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن