اوکاڑہ+ جڑانوالہ (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) اوکاڑہ کی تحصیل دیپالپور کی ستار کالونی میں واقع ایک کولڈ سٹوریج میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کی اطلاع پر ریسکیو ٹیموں نے دو گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا تاہم کولڈ سٹوریج میں تین مزدور محمد امین، محمد امیر اور مختار احمد دم گھٹنے کے باعث جاں بحق ہوگئے، نعشوں کو کولڈ سٹوریج سے نکال لیا گیا ہے۔ ابتدائی اطلاع کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی آپریشن میں ریسکیو کی تین گاڑیوں نے حصہ لیا اور پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ علاوہ ازیں جڑانوالہ کی مارکیٹ کمیٹی چوک میں گیس ہیٹر سے آتشزدگی، ریٹائرڈ بنک آفیسر زندہ جل گیا، متعدد دکانیں بھی جل گئیں۔ فائر بریگیڈ گاڑی سٹارٹ نہ ہونے کے باعث بروقت نہ پہنچ سکا۔ بتایا گیا کہ مارکیٹ کمیٹی چوک لکڑی منڈی میں سماجی کارکن ڈاکٹر محمد نواز کی دکان میں گیس ہیٹر لیکج ہونے سے آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث آگ نے ارد گرد کی دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ دکان میں بیٹھے ریٹائرڈ بنک آفیسر عبدالحفیظ جو چلنے سے معذور تھے آگ کی لپیٹ میں آکر جل گیا۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ میونسپل کمیٹی فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کا بروقت سٹارٹ نہ ہونے پر ریسکیو 1122اہلکاروں نے آگ پر قابو پایا۔
دیبالپور: کو اسٹیوریچ میں آگ لگ گئی، دم گھٹنے سے 3 مزدو ر جاں بحق
Jan 17, 2019