لاہور ( نامہ نگار) پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے آج پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ ترجمان سیکرٹری اطلاعات مرزا ارشد بیگ نے نوائے وقت کو بتایا جب تک ہمارے مطالبے پورے نہ کئے گئے پورے پاکستان میں مال کی سپلائی بند رہے گی۔ لاہور کی تمام مارکیٹوں سے نہ سامان باہر جائے گا نہ لاہور میں لایا جائے گا۔ گزشتہ روز انتظامیہ نے پہلے مذاکرات کیلئے ڈی سی آفس بلایا تمام نمائندے جن میں ایسوسی ایشن کے چیئرمین سلطان محمد بچو پہلوان صدر علیم بٹ جنرل سیکرٹری نبیل محمود، نائب صدر ریاض شاہد ملک عرفان و دیگر گھنٹوں انتظار کرتے رہے لیکن مذاکرات نہ ہو سکے پھر سب کو جی او آر بلا لیا گیا سیکرٹری ٹرانسپورٹ وغیرہ تمام پہنچ گئے لیکن ڈی سی او کمشنر یا انکے نمائندے نہ آئے ہمارا سب سے بڑا مطالبہ کسٹم حکام کی زیادتی کے خلاف ہے، مال بردار ٹرکوں اور کنٹینروں کو بلا وجہ روک کر رشوت لیتے ہیں، لاہور میں رات 11 بجے سے صبح 7 بجے تک آمدورفت کی اجازت ہے اس کے باوجود ان کے اوقات میں بھی تنگ کیا جاتا ہے سٹی ٹریفک پولیس بھی بلاوجہ چالان کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور سے 35 سو ٹرک سامان لیکر ملک بھر میں جاتے ہیں، اگر لاہور سے ٹرکوں کو باہر نکالنا ہے تو لاہور سے منڈیاں مارکیٹیں باہر منتقل کی جائیں یا ٹرکوں کے اڈوں کو باہر منتقل کر دیا جائے اور ہمیں جگہ دی جائے ہم اس کی قیمت ادا کرنے کیلئے بھی تیار ہیں۔