پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ قانون ساز بیرون ملک نہیں گئے یہیں موجود ہیں، عمران خان کیوں پارلیمنٹ نہیں آتے ؟ چاہتے ہیں حکومت 5 سال پورے کرے لیکن ایسا دکھائی نہیں دیتا، یہ حکومت اپنے وزن سے خود ہی گر جائے گی۔پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کیا عمران خان کا نام ایسی ای سی ایل میں ہے کہ وہ پارلیمنٹ نہیں آتے، یہ حکومت معیشت سمیت ہر شعبے میں بری طرح ناکام ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول کو قائمہ کمیٹی کی چیئرمین شپ دینے کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا، قومی حکومت کے قیام کی ضروت نہیں نہ حامی ہیں، حکومت بتائے 5 ماہ میں کونسی قانون سازی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منی بجٹ کی کسی صورت حمایت نہیں کریں گے، حکومت نے 5 ماہ میں ملک کو 7 ارب ڈالر کا مقروض کر دیا، اپوزیشن اتحاد باہمی اعتماد پر قائم رہ سکتا ہے، ہم نے مل کر چلنے کا تہیہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ابھی تک کنٹینر پر ہی ہیں نیچے اتریں تو حقیقت کا پتہ چلے، یہ حکومت معیشت سمیت ہر شعبے میں بری طرح ناکام ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اطلاعات کو سندھ کے دورے سے کچھ نہیں ملا تاہم وفاق نے غیر آئینی اقدام کیا تو بھر پور مزاحمت ہوگی.