قاسم سلیمانی کی شہادت مسلم حکمرانوں کو جھنجھوڑنے کے لئے کافی ہے،متحدہ علماء محاذ

کراچی (نیوز رپورٹر) متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سیکریٹری جنرل مولانامحمدامین انصاری کی جانب سے مرکزی سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں صوبہ پنجاب سے آئے صوبائی صدر علامہ آغانیئر عباس جعفری اور سیکریٹری جنرل علامہ محمدسلیم حیدر کے اعزازمیں علماء مشائخ فیڈریشن آف پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ پیر احمدعمران نقشبندی کے زیرصدارت اور متحدہ ختم نبوت فورم پاکستان کے بانی سیکریٹری جنرل محمدشکیل قاسمی کے زیرنگرانی منعقدہ استقبالئے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاہے کہ فلسطین وکشمیر اور بھارتی مسلمانوں پر مظالم کے خلاف مجرمانہ خاموشی حمیت اسلامی کے منافی ہے،اسلام اور عالم اسلام عالمی استعمار کی سازشوں کا شکاراور مسلم حکمران کاسہ لیس بنے ہوئے ہیں،متحدہ علماء محاذ پاکستان دنیابھرمیں ہونے والے مظالم پر آوازحق بلندکرتی رہے گی،قاسم سلیمانی کی شہادت مسلم حکمرانوں کو جھنجھوڑنے کے لئے کافی ہے،آج بھی متحدہوکر عالمی استعمار کو نہیں للکاراتو دشمنان اسلام کے حوصلے مزید بلند ہوں گے۔کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی نگاہیں افواج پاکستان پر لگی ہیں،مائیں بہنیں اور بیٹیاں پکارپکارکر کسی محمدبن قاسم کی راہ تک رہی ہیں،لیکن پوری دنیامیں نہ کوئی خالدبن ولید ، سلطان صلاح الدین ایوبی، محمودغزنوی نظرآتاہے نہ فاروقی وحسینی جذبہ، اسلامی ممالک کے حکمران مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر آنکھیں بند کئے ہوئے ہیں۔مقررین نے پنجاب سے تشریف لانے والے علماء کے جذبہء خیر سگالی کو سراہتے ہوئے اتحاد بین المسلمین کے لئے ان کے کردارپر خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہاکہ متحدہ علماء محاذ پاکستان کے تحت 26جنوری اتوارکوجناح لان ایم اے جناح روڈ کراچی پر ہونے والی فلسطین وکشمیر کی پکار کانفرنس پورے پاکستان میں بیداری کاپیغام اور قومی آواز ثابت ہوگی۔استقبالیہ میں صاحبزادہ احمد سبحان نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی اورفاروق احمد (ریحان)نے ہدیہ نعت پیش کیا۔

ای پیپر دی نیشن