اسلام آباد(نیوزرپورٹر)آزاد جموں و کشمیر، بلوچستان، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں، برف باری اور برفانی تودوں سے متاثرہ علاقوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 104 تک پہنچ گئی ہے۔ جمعرات کو این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آزاد جموں و کشمیر میں 77 افراد جاں بحق اور 56 زخمی ہوئے جبکہ ضلع نیلم میں برفانی تودے گرنے کے نتیجہ میں 202 گھروں کو نقصان پہنچا۔ بلوچستان میں برفانی تودوں کے نتیجہ میں 20 افراد جاں بحق اور 23 زخمی ہوئے۔ خیبرپختونخوا میں 5 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوئے جبکہ بھاری برف باری کے نتیجہ میں 31 گھروں کو نقصان پہنچا۔ گلگت بلتستان میں برفانی تودے گرنے کے نتیجہ میں 2 افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوئے جبکہ تین گھروں کو نقصان پہنچا۔ گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور سٹیٹ مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں مجموعی طور پر 1957 خیمے، 1250 کمبل، 400 ترپالیں، 13.6 ٹن راشن، 2250 پلاسٹک چٹائیاں، 150 شیٹس، 550 سولر لائٹس، 100 کچن سیٹس، 150 گدے، 2700 گرم کپڑے، 350 جوتے، 250 فرسٹ ایڈ کٹس، 50 لالٹین، 60 ٹن نمک اور ایک ہزار لیٹر پانی سمیت ضروری امدادی سامان فراہم کردیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقوں میں شدید برف باری ہوئی جس سے قیمتی جانی اور املاک کا نقصان ہوا اور مختلف شاہراہیں اور سڑکیں اب بھی بند ہیں۔ این ڈی ایم اے کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں بارشوں اور برف باری کی وجہ سے دو درجن سے زائد شاہراہیں اور ہائی ویز بند ہوئیں۔ خیبرپختونخوا میں الپوری اور خوازہ خیلہ روڈ، بحرین تا کالام روڈ، مالم جبہ روڈ، لواری ٹاپ روڈ، کیلاش ویلی روڈ، دروش روڈ، چترال تا گرم چشمہ روڈ، چترال۔بونی روڈ، چترال سٹی روڈ، دیر بالا میں مقامی سڑکیں اور ضلع کوہستان قراقرم ہائی وے بند ہیں۔ بلوچستان میں قلعہ عبداﷲ کی رابطہ سڑکیں اور این۔50 روڈ بھی شدید برف باری سے ابھی تک بند ہیں۔ آزاد جموں و کشمیر کی نیلم ویلی میں شاردہ روڈ، باغ روڈ، لیپہ ویلی روڈ، محمود گلی تا عباسپور روڈ اور حاجی پیر تا علی آباد روڈ شدید برف باری اور برفانی تودوں کی وجہ سے ابھی تک بند ہیں۔ پی ڈی ایم ایز، نیشنل ہائی وے اتھارٹی، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن اور دیگر متعلقہ کنسٹرکشن اینڈ ورکس کے محکمے اس حوالہ سے سرگرم عمل ہیں۔
شدید بارشوں،،برفانی تودوں سے ہلاکتیں 104 ہوگئیں:این ڈی ایم اے
Jan 17, 2020