لاہور (آن لائن) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے مخیر حضرات کے تعاون سے یتیم اور نادار جوڑوں کی اجتماعی شادیاں کروانے کا اعلان کر دیا‘ اجتماعی شادیوں کی پہلی تقریب فروری میں گورنر ہاؤس لاہور میں ہوگی جبکہ اجتماعی شادیوں میں 10 فیصد کوٹہ اقلیتوں کیلئے بھی مختص کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کی زیر صدارت خصوصی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وائس چیئرمین وزیراعلیٰ شکایت سیل ناصر سلیمان‘ بادشاہی مسجد کے خطیب مولانا عبدالخبیر آزاد‘ ایل پی جی ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر‘ میاں سعید احمد ڈیرے والا‘فرخ چغتائی‘ سماجی کارکن شاہ رخ جمال اور چودھری محمد جمیل سمیت دیگر شریک ہوئے۔ اجلاس میں گتفگو کے دوران گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے بتایا کہ لاہور سمیت دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے جوڑوں کو شادیوں میں بنیادی گھریلو ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام اشیاء فراہم کی جائیں گی۔