اسلام آباد (نا مہ نگار) قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ نے سابق وزیر اعظم سید یوسف رٖضا گیلانی ، سابق صدر آصف علی زرداری، سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف ، سابق سفیر کامران شفیع ، سابق ہائی کمشنر برطانیہ واجد شمس الحسن سمیت دیگر شخصیات کے خلاف بد عنوانی کے تین ریفرنسز دائر کر نے کی منظوری دے دی ہے۔ ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں 4 انوسٹی گیشنز اور9 انکوائریوں کی بھی منظوری دی گئی، سی ڈی اے کے افسروں و اہلکاروں اور دیگر سمیت مذید چار انکوائریاں ان کے متعلقہ محکموں کو بھجوانے کی منظوری دی۔ پنجاب تھرمل پاور پرائیویٹ لمیٹڈ کے افسران و اہلکاران اور دیگر، فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمینٹ انتظامیہ کے اہلکاران /افسران اور دیگر،ذوالفقار بخاری اور دیگر، لاہور نالج پارک کمپنی کی انتظامیہ کے اہلکاران /افسران اور دیگر کے خلاف انکوائری اب تک عدم شواہد کی بنیاد پرقانون کے مطابق بند کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ یوسف رٖضا گیلانی ، زرداری، محمد نواز شریف ، خواجہ انور مجید، خواجہ عبدالغنی مجیدکے خلاف جعلی بینک اکائونٹس سکینڈل میں بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی ۔ ملزمان پر سرکاری توشہ خانہ سے قواعد و ضوابط کو بالائے طاق رکھتے ہوئے گاڑیاں ، تحائف لینے کاالزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کوبھاری نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میںکامران شفیع ، سابق سفیر اور واجد شمس الحسن سابق ہائی کمشنر برطانیہ کے خلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی ۔ ملزمان نے قواعد و ضوابط کو بالائے طاق رکھتے ہوئے قومی خزانے کو تقریباً 27 ہزارڈالرز اور 28 ہزار پونڈز کا نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میںعبداللہ علوی ، آنریری سکیرٹری سٹیٹ بینک آف پاکستان سٹاف، کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی اور دیگر کے خلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی ۔ ملزمان پر مبینہ طورپر عوام کو بڑے پیمانے پر دھوکہ دینے کے علاوہ ان سے 7.8 ملین روپے ہتھیا لئے ۔ شکیل احمد، سابق ڈی جی پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی لاہوراور دیگرکے افسران و اہلکاران اور دیگرکے خلاف انکوائری، چیف سیکرٹری پنجاب کوقانونی کارروائی کیلئے بھجوانے کی منظوری دی گئی۔ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں این جی اوز SDPI ,فافین ایف اے او اور دیگرکے خلاف انکوائری وزارت داخلہ کو بھجوانے کی منظوری دی گئی۔ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں فاٹا رورل پروگرام پروجیکٹ کے افسران /اہلکاران ،ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن اور دیگرکے خلاف متعلقہ محکمہ کو قانونی کارروائی کیلئے بھجوانے کی منظوری دی گئی۔ چئیرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے کہا کہ نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے۔ نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ اور بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقوم برآمد کرنے کے ساتھ ساتھ میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے احتساب سب کیلئے کی پالیسی کے تحت گزشتہ28 ماہ میں 158 ارب روپے بلواسطہ اور بلا واسطہ طور پر بدعنوان عناصر سے برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کروائے۔