اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہیحکومت اور اپوزیشن کے درمیان چیف الیکشن کمشنر اور سندھ و بلوچستان کے ارکان کی تقرری پر اتفاق رائے کا قوی امکان ہے چیف الیکشن کمشنر وفاقی حکومت کی نامزد کردہ شخسیت ہو گی جب کہ سندھ سے پیپلز پارٹی اور بلوچستان سے مسلم لیگ(ن) کا نامزد کردہ شخصیات ہوں گی چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کیلئے سابق وفاقی سیکرٹری سکندر سلطان راجہ کے نام پر حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق رائے پیدا ہونے کا امکان ہے ‘ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سکندر سلطان راجہ کے نام کی حمایت کی جا سکتی ہے۔ سکندر سلطان راجہ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں چیف سیکرٹری آزاد کشمیر اور سیکرٹری پٹرولیم کی خدمات سرانجا م دے چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سکندر سلطان راجہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری سعید مہدی کے داماد ہیں اور شاہد خاقان عباسی کے بطور وزیر پٹرولیم کے دور میں ان کے ہمراہ وفاقی سیکرٹری کی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کے مطابق سکندر سلطان راجہ اچھی شہرت کے آفیسر ہیں۔ سکندر سلطان راجہ موجودہ دور حکومت کے دوران سیکرٹری ریلوے کے عہدے سے ریٹائر ہوئے ۔ سکندر سلطان راجہ موجودہ چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد کے بہنوئی ہیں اس لئے ان کے اپوزیشن کے ساتھ ساتھ حکومت کے ساتھ بھی تعلقات اچھے ہیں۔ ذرائع کے مطابق جمعیت علماء اسلام (ف) کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کیلئے سابق آئی جی موٹر وے ذوالفقار چیمہ کا نام تجویز کیا گیا تھا مگر حکومت نے جے یو آئی (ف) کی یہ تجویز مسترد کر دی ہے ۔ حکومت کا موقف ہے کہ ذوالفقار چیمہ کے بھائی نثار چیمہ مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی ہیں اور ذوالفقار چیمہ کے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ تعلقات بھی سب کے سامنے ہیں۔…