پشاور (نیٹ نیوز) انسپکٹر جنرل خیبر پی کے پولیس ثناء اللہ عباسی کا کہنا ہے کہ صوبے میں افغانستان سے دراندازی ہورہی ہے اور افغان خفیہ ایجنسی صوبے کے حالات خراب کرانا چاہتی ہے۔ پاک افغان باڈر پر باڑ لگانے سے افغانستان سے آنے والے دہشت گردوں کو روکا جا سکے گا۔ آئی جی کے پی کے کا کہنا تھا کہ پہاڑی راستے کے ذریعے افغانستان سے دہشت گرد آرہے ہیں اور ہمارے پاس اس حوالے سے شواہد ہیں، افغان خفیہ ایجنسی نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سکیورٹی (این ڈی ایس) پاکستان میں حالات خراب کرانا چاہتی ہے اسے فِفتھ جنریشن وار کہیں یا جنگجوؤں کی دراندازی۔ ثناء اللہ عباسی کا کہنا تھا کہ کچھ دہشت گرد پکڑے گئے ہیں جو افغانستان سے ٹریننگ کرکے آئے اور کچھ وہاں ٹھہرے ہوئے ہیں، سرحدی باڑ کے ذریعے دہشت گردوں کو روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ملک میں قیام امن آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد کا ثمر ہے اس سے خودکش حملے رکے اور دہشت گردی کم ہوئی۔