بھارت کا شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں عمران خان کو مدعوکرنے کا فیصلہ

Jan 17, 2020

اسلام آباد ( جاوید صدیق) بھارت میں اس سال کے وسط میں نئی دہلی میں منعقد ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم ایس سی او کے اجلاس میں پاکستان کو شرکت کی دعوت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا نے اپنی وزارت خارجہ کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے سربراہ کو اس اجلاس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی، پاکستان ایس سی او کا اہم رکن ہے ۔ ایس سی او میں پاکستان بھارت چین روس ازبکستان کرغستان ، تاجکستان شامل ہیں۔ بھارتی میڈیا اور تجزیہ کار خود ہی بھارتی فیصلے پر تبصرہ آرائی کر رہے ہیں اور اس رائے کا اظہار کر رہے ہیں کہ موجودہ حالات میں پاکستان کے وزیراعظم شاید اس کانفرنس میں شرکت نہ کر سکیں۔ بھارت نے غیر قانونی طور پر کشمیر کو بھارتی یونین کا حصہ بنا کر آرٹیکل 370 کے تحت اس کی خصوصی حیثیت ختم کر دی ہے۔ 164 دن سے کرفیو مسلط کیا گیا ہے اور کشمیریوں کے اوپر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔ پاکستان نے اس بھارتی اقدام کے بعد نئی دہلی سے اپنا ہائی کمشنر واپس بلا لیا ہے اور بھارت کے ہائی کمشنر کو پاکستان چھوڑنے کا حکم دیا۔ پاکستان نے اگست میں اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کا اجلاس بھی طلب کرایا اور اس میں بھارتی اقدام کی مذمت کی گئی۔ ابھی کل ہی سیکورٹی کونسل کا ایک اور اجلاس چین کی درخواست پر مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بحث کرنے کیلئے بلایا گیا ہے۔ پاکستان مسلسل کشمیریوں کے ساتھ ہونے والے مظالم کیخلاف آواز اٹھا رہا ہے۔ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جو ان دنوں نیو یارک میں ہیں، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کر کے انھیں کشمیر کی صورتحال کے بارے میں بریف کر چکے ہیں۔ وہ امریکی ہم منصب اور دوسرے اعلیٰ حکام سے بھی کشمیر پر تبادلہ خیال کریں گے۔ ان حالات کے پیش نظر جبکہ پاکستان کو بھارت جنگ کی دھمکیاں دے رہا ہے اور لائن آف کنٹرول پر مسلسل فائرنگ کر رہا ہے، پاکستان کے وزیراعظم کیلئے بھارت میں ایس سی او کانفرنس میں شرکت ممکن نہیں ہو سکے گی۔

مزیدخبریں