لندن(نوائے وقت رپورٹ) شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹویٹ کرنے سے عمران نیازی کی قومی مفادات کی نگہبانی میں ناکامی چھپ نہیں سکتی۔ مقبوضہ جموں وکشمیر پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے پر چین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے حقوق کے لئے عملی کردارادا کیا۔ سلامتی کونسل مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے خودارادیت کے ناقابل تنسیخ حق کے وعدے کو پورا کرے، مسلسل کرفیو ختم کرانے کے لئے بھارتی درندگی کے خلاف عملی اقدام اٹھایا جائے، سلامتی کونسل کے اجلاس نے جموں وکشمیر میں حالات معمول پر ہونے کا بھارتی پروپیگنڈا دفن کردیا، مقبوضہ کشمیر مسلمہ تنازعہ ہے بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں، یہ سچائی بھارتی جھوٹ سے چھپ نہیں سکتی، کشمیر کے بہادر عوام نے تحریک آزادی کشمیر کے چراغ کی لو کم نہیں ہونے دی، آزادی مقبوضہ کشمیر کے عوام اور شکست بھارت کا مقدر ہے۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ حکومت مقبوضہ کشمیر کے اہم ترین قومی معاملے پر مؤثر سفارتکاری نہیں کرسکی، لیکن ہم اور پوری پاکستانی عوام جموں وکشمیر کے مظلوم عوام کے حقوق کے لئے اپنا کردار پوری قوت سے ادا کرتے رہیں گے۔