عوام کو مناسب قیمت پر آٹے کی فراہمی میں رکاوٹ برداشت نہیں کرونگا: وزیراعلیٰ پنجاب

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ملاقات کرکے اہم امور پر رہنمائی مانگ لی ہے، مسلم لیگ(ق) کے تحفظات سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کر دیا۔ دونوں رہنمائوں نے پنجاب کے سیاسی اور انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا، اتحادیوں کے ساتھ ورکنگ ریلیشن بہتر بنانے کے بعض اقدامات کے لئے وزیراعلیٰ نے وزیراعظم عمران خان سے رہنمائی حاصل کی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے پنجاب کے چھ محکموں کی کارکردگی رپورٹ طلب کر لی۔ محکمہ پولیس، تعلیم، بورڈ آف ریونیو اور لائیو سٹاک شامل۔ متعلقہ محکموں نے جو بھی اہداف حاصل کئے ہیں اس سے متعلق رپورٹ دی جائے۔ عوام کی فلاح کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں کسی بھی ترقیاتی منصوبے میں تاخیر نہ کی جائے۔
لاہور ( نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں صوبے میں آٹے و گندم کی قیمتوں اور ڈیمانڈ و سپلائی، گنے کے کرشنگ سیزن اور کاشتکاروں کو ادائیگیوں کابھی جائزہ لیا گیا۔ عثمان بزدار نے گندم کا سرکاری کوٹہ اوپن مارکیٹ میں فروخت کرنے والی فلور ملوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ کسی فلور مل کو گندم کا کوٹہ اوپن مارکیٹ میں فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ خلاف ورزی پر فلور ملوں کے خلاف قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبے کے خارجی راستوں پر مانیٹرنگ کے نظام کو مزید موثر بنانے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔ صوبے کے عوام کا مفاد سب سے زیادہ مقدم ہے۔ عوام کو مناسب نرخوں پر آٹے کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کروں گا۔ عوام کو آٹے کی دستیابی کے حوالے سے کوئی شکایت نہیں ہونی چاہیئے۔ جس ضلع سے شکایت ملی، میں ایکشن لوں گا۔ فلور ملیں محکمہ خوراک سے جو گندم خرید رہی ہیں، اس کا آٹا ہر صورت مارکیٹ میں آنا چاہیئے۔ خریدی گئی گندم کی سو فیصد گرائنڈنگ یقینی بنائی جائے۔ فلور ملوں میں آٹے کی گرائنڈنگ کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے اوراس کی رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں کسی جگہ بھی آٹے کی قلت نہیں ہونی چاہیئے۔ صوبے کے ہر چھوٹے بڑے شہر اور دیہات میں آٹے کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ خوراک کے حکام کو ہدایت کی کہ فلور ملوں کو فیئر پرائس شاپس لگانے کا پابند بنایا جائے اور فیئر پرائس شاپس پر ایکس مل ریٹ پر آٹے کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ صوبائی وزیر خوراک ایشوز کے حل کیلئے خود لیڈ لیں اور محکمہ خوراک کے کرپٹ افسروں اور اہلکاروں کے خلاف بلاتفریق ایکشن لیا جائے۔ سیکرٹری خوراک نے گندم اور آٹے کی قیمتوں اور ڈیمانڈ و سپلائی کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ خوراک فلور ملوں کو روزانہ 4 ہزار میٹرک ٹن گندم ریلیز کر رہا ہے اور صوبے میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں۔ قواعد و ضوابط پر عملدرآمد نہ کرنے والی فلور ملوں کیلئے گندم کا کوٹہ معطل کیا گیا ہے۔ صوبے میں گندم یا آٹے کی کوئی قلت نہیں۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب میں اس وقت شوگر ملیں گنے کی کرشنگ کر رہی ہیں اور پنجاب میں 10 ملین میٹرک ٹن کرشنگ ہو چکی ہے اور پنجاب میں 10 لاکھ 51 ہزار ٹن چینی کے ذخائر موجود ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ نیا سال خوشحال، ترقی یافتہ اور پرامن نئے پاکستان کی بنیاد ثابت ہو رہا ہے۔ تنقید برائے تنقید کے باوجود عوام کی خدمت میں کمی نہیں آنے دی۔ ہم نے باتیں کم اور کام زیادہ کئے جبکہ اپوزیشن صرف کھوکھلے نعرے لگاتی رہی۔ 2020 ء پاکستان کے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا سال ہے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...