بانی ایمزون کی بھارت آمد پر احتجاجی مظاہرے

Jan 17, 2020

نئی دہلی (نیٹ نیوز)دنیا کے امیر ترین شخص اور امریکی آن لائن سٹور ’ایمازون‘ کے بانی جیف بزوز پر بھارتیوں کے معاشی قتل عام کے الزام میں انڈیا کے درجنوں شہروں میں 14 سے 16 جنوری کے درمیان مظاہرے ہوئے۔ جیف بزوز دنیا کے امیر ترین شخص ہیں اور ان کی مجموعی دولت 110 ارب امریکی ڈالر ہے جو پاکستانی 250 کھرب روپے کے قریب بنتی ہے۔ جیف بزوز کی دولت میں زیادہ تر اضافہ ان کے آن لائن سٹور ’ایمازون‘ کی کمائی سے ہوئی جسے دنیا کا سب سے بڑا آن لائن سٹور بھی تسلیم کیا جاتا ہے۔ جیف بزوز کے سٹور ’ایمازون‘ کے بھارت میں بھی درجنوں سٹورز ہیں جو لاکھوں مقامی دکانداروں اور کاروباری افراد کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں۔ مقامی دکانداروں نے سٹور پر معاشی قتل عام کا الزام عائد کرتے ہوئے مالک جیف بزوز کے خلاف مظاہرے شروع کردیے۔ خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق جیف بزوز کے 14 جنوری کو بھارت پہنچتے ہی ممبئی، دہلی، احمد آباد اور چنائے سمیت درجنوں شہروں میں ان کے خلاف مظاہرے شروع ہوگئے۔ خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق مظاہرین نے ’گو جیف بزوز گو‘ جیسے نعروں والے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے ۔ مظاہرین نعرے بازی بھی کرتے رہے مظاہرین کے مطابق ’ایمازون‘ ان کا معاشی و مالی استحصال کر رہا ہے جس وجہ سے لاکھوں لوگ بے روزگار ہو رہے ہیں۔

مزیدخبریں