اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے سیکرٹری تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن اور نادرا کے سینئر اہکاروں کے ہمراہ چکوال میں چوآسیدن شاہ اور کلر کہار کا دورہ کیاجہاں انہوں نے نادرا کی جانب سے احساس پروگرام میں مستحقین کے ازخود اندراج کیلئے بنائے گئے کائونٹرز پر خدمات اور سہولیات کے معیار کا جائزہ لیا تاکہ کوئی بھی مستحق فرد پروگرام میں رجسٹر ہونے سے نہ رہ جائے۔ انہوں نے اس حوالے سے دو مقامات کا دورہ کیا، وہاں موجود عملے اور لوگوں سے ملاقات کی اور موجودہ انتظامات کے بارے میں دریافت کیا۔ ڈاکٹر نشتر نے اندراج کے عمل کوبہتر بنانے کیلئے ان کی رائے لینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ حکومت نے سماجی تحفظ اور تخفیف غربت کے متعدد پروگرام شروع کئے ہیں اور کئی پروگرام زیر غور ہیں تاکہ پاکستان کی غریب اور پسماندہ آبادی کے مختلف طبقات کو فائدہ پہنچے۔ احساس پروگرام میں درست افراد کی نشاندہی کیلئے بی آئی ایس پی کے ذریعہ آبادی کی100فیصد کوریج کو یقینی بنانے کیلئے قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری NSERڈیجیٹل سروے جاری ہے۔یہ سروے اس سال تین مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔احساس پروگرام کے سروے کے عمل میں مکمل شفافیت کو یقینی بنانا تاکہ پاکستان کا کوئی مستحق شہری سماجی بہبود کے نیٹ سے باہر نہ رہ جائے، نادرا نے سروے کی تکمیل سے منسلک تین مراحل میں پاکستان بھر کے تمام اضلاع میں مکمل طور پر لیس ازخود رجسٹریشن مراکز کو متحرک کرنے کا عزم کیا ہے۔ پہلے مرحلے میں نادرا اس ماہ کے آخر تک چکوال سمیت پاکستان بھر کے 15اضلاع میں از خود اندراج مہم کا آغاز کررہا ہے،چکوال میں سروے مکمل ہونے والا ہے۔ اس کے بعد پروگرام کی سالمیت اور شفافیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ازخود اندراج کے عمل کو ڈیٹا کا تجزیہ کر کے اس کی تصدیق کی جائے گی۔ یہ ازخود اندارج کی مہم جنوری 2020کے آخری ہفتے میں احساس کفالیت پروگرام کے اجراء سے منسلک ہے۔ احساس کفالت حکومت کا سیفٹی نیٹ پروگرام ہے جس کے تحت ملک بھر کی 7ملین مستحق اور غریب ترین خواتین کو نقد وظیفہ دیا جائیگا۔ اس دورے کے دوران، ڈاکٹر نشتر نے چکوال کے غریب نواحی علاقوں میں مقیم کچی آبادیوں کے رہائشیوں سے بھی ملاقات کی۔انہوں نے نادرا کے ڈیٹا بیس والے خاندانوں کی رجسٹریشن کی حیثیت اور ان کیلئے ذرائع تک رسائی اورمقامی طور پر دستیاب معلومات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا تاکہ احساس کے ذریعے زیادہ سے زیادہ افراد کو فوائد پہنچائے جاسکیں۔ احساس بالخصوص سماجی تحفظ کے پروگرام میںافراد کی شمولیت کو یقینی بنانے اور احساس کے تحت ان کیلئے پیدا کردہ تمام مواقعوں تک رسائی کو بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کررہا ہے۔ اس نکتے کو آگے بڑھاتے ہوئے، انہوں نے وضاحت کی کہ نادرا اور این ایس ای آر کے تحت غریب افراد کی رجسٹریشن احساس کی اولین ترجیح ہے کیونکہ یہ احساس کے سماجی تحفظ کے پروگرام سے مستفید ہونے کی اہم شرط ہے۔ بعد ازاں، ڈاکٹر نشتر نے چکوال کے علاقے خیر پور میں بنیادی ہیلتھ یونٹ کا دورہ کیا۔ انہوں نے یونٹ میں مقامی کمیونٹیز کو فراہم کی جانے والی خدمات کو سراہا اور عملے اور مریضوں سے بات چیت کی۔انہوں نے لیبر روم، وارڈ، ایمرجنسی روم، ای پی آئی روم اور ڈسپنسری کا بھی دورہ کیا۔انہیں بتایا گیا کہ او پی ڈی میں اوسطا 40مریضوں کو چیک کرنے کی سہولت موجود ہے۔ مزید برآں، معاون خصوصی کی سرابراہی میں وفد نے چوآسیدن شاہ اور کلر کہار میں بی آئی ایس پی کے تحصیل دفاتر کا بھی دورہ کیا۔ اس پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ بی آئی ایس پی تحصیل دفاتر قابل رسائی مقامات پر جہاں بھی واقع ہوں احساس کی ازخود انداراج مہم میں نادرا کو سہولت فراہم کریں گے۔
ثانیہ نشترکا چکوال میں چوآسیدن شاہ اورکلرکہارکا دورہ،احساس پروگرام سہولیات کا جائزہ
Jan 17, 2020