سپیکراسد قیصرکی زیرصدارت اجلاس،پناگاہوں کے قیام کے امورپرتبادلہ خیال

Jan 17, 2020

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) اسلام آباد میں پناہ گاہوں کے قیام اور اْن سے متعلقہ دیگر انتظامات کے جائزے کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت بدھ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعظم کے خصوصی مشیر برائے صحت، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پمز ،چیف کمشنر اسلام آباد، پناہ گاہ کے کوارڈینیٹر اور ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں پناہ گاہوں کے قیام اور اْن میں دی جانے والی سہولیات سے متعلق امور پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ نے پناہ گاہوں کے قیام اور سہولیات میں اضافے کے لیے اسپیکر کو آگاہ کیا گیا۔ اسپیکر نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے اس انقلابی اقدام کو وسعت دینے اور پہلے سے موجود سہولیات میں بہتری لانے کے لئے کہا۔ اجلاس میں پمز میں پناہ گاہ کے قیام کے بارے میں بھی غور کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پمز میں اولین دستیاب خالی عمارت میں دور دراز علاقوں سے آئے ہوئے مریضوں کے تیمارداروں کے لیے پناہ گاہ فورآَََقائم کی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق لوگوں کو مفت کھانا اور رہائش کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ اسپیکر نے پناہ گاہ کوارڈینیٹر اور ضلعی انتظامیہ کی انسانیت کی خدمت پر ان کی ناقابل فراموش کاوشوں کو سراہا اور اس نیک مقصد کے حصول کے لئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ وزیر اعظم کے مشیر خصوصی برائے صحت نے اسپیکر کو یقین دلایا کہ اْن کی اہدایات کے عین مطابق پمز ہسپتال کے احا طہ میں موجود عمارت پناہ گاہ کے قیام کے لیے فراہم کر دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارت صحت اور پمز ہسپتال انتظامیہ کواس ضمن میں ہر ممکن تعاون کے لیے ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں۔

مزیدخبریں