قومی فضائی کمپنی کے مسافر ریل اور بس سے سفر کی سہولت بھی حاصل کر سکیں گے

Jan 17, 2020

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) قومی ایئر لائن (پی آئی اے) اور بین الاقوامی بکنگ کمپنی ایکسیس ریل کے درمیان نئی شراکت داری ہوئی ہے جس کے تحت برطانیہ، یورپ اور کینیڈا میں پی آئی اے کے مسافر اب اپنے ہوائی سفر کے ساتھ ریل اور بس کی سہولت بھی حاصل کر سکیں گے۔ قومی ایئر لائن کے ترجمان کی طرف سے یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق ایکسیس ریل ہوائی اور ریل کی سفری سہولیات فراہم کرنے والی دنیا کی معروف کمپنی ہے جوکینیڈا کے علاوہ برطانیہ، بیلجیئم، جرمنی ، ہالینڈ ، ناروے،سپین اور سویڈن میں کام کرتی ہے۔ شراکت داری سے برطانیہ، یورپ اور کینیڈا میں پی آئی اے کے مسافر اب اپنے ہوائی سفر کے ساتھ ریل اور بس کی سہولت بھی حاصل کر سکیں گے۔ ترجمان کے مطابق مسافر ٹکٹ بک کراتے وقت ریل اور بس کی بکنگ اور ٹکٹ بھی خرید سکیں گے جس کی تفصیل پی آئی اے کے ٹکٹ پر دستیاب ہو گی۔ مسافر بغیر کسی رکاوٹ کے اپنے من پسند مقامات تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔ ترجمان کے مطابق اس شراکت داری میں سپین میں رینف، کینیڈا میں بذریعہ ریل، ناروے میں VI جبکہ برطانیہ میں گریٹ ویسٹرن ریلویز اور اونتی ویسٹ کوسٹ ٹرانسپورٹ مہیا کرنے وا لی کمپنیاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ برطانیہ میں لگژری کوچ سروس روٹس بھی شامل ہیں جو نیشنل ایکسپریس کے ذریعہ لندن ہیتھرو ایئر پورٹ سے اور مانچسٹر ایئرپورٹ سے بڑے برطانوی شہروں تک چلتے ہیں۔ ترجمان کے مطابق شراکت داری کا مقصد پی آئی اے کے مسافروں کیلئے بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔ اس کے ذریعے پی آئی اے کے صارفین ایک ہی ٹکٹ کے ذریعے جہاز سے اتر کر براہ راست ٹرین یا بس کے ذریعے اپنی اپنی منزلوں تک پہنچ سکیں گے اور خصوصی کرایوں سے بھی مستفید ہو سکیں گے۔ یہ سہولت پی آئی اے کے تمام بکنگ دفاتر اور ٹریول ایجنسیوں پر دستیاب ہو گی۔ پی آئی اے کی ایکسیس ریل کے ساتھ نئی شراکت داری پر سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک نے مار کیٹنگ ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔

مزیدخبریں