کراچی (نیوز رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدرنثار کھوڑو نے کہا ہے کہ شہیدذوالفقار علی بھٹو نے عوام کا ساتھ دیتے ہوئے مشکل وقت میں نہ تو ملک سے باہر گئے نہ ہی کوئی یوٹرن لیا،زندہ قو میں اپنے ہیروز کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں ، ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کراچی ڈویژن کی جانب سے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کی پیپلز سیکریٹریٹ میں ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب میں سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی،نعمان شیخ،اقبال ساند، لالا عبدالرحیم، وقاص شوکت ، شکیل چوہدری، سردار خان،فرید انصاری، جاوید نایاب لغاری، شعیب مرزا،تیمور مہر، مسرور راجپر سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ تقریب پیپلز یوتھ کراچی کے جنرل سیکریٹری حیدر خان کی جانب سے منعقد کی گئی جبکہ سیکریٹری اطلاعات فرید میمن نے اسٹیج سیکریٹری کے فراض سرا انجام دیئے ۔ نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ جس نے آئین بنایا وہ پھانسی پر چڑھ گیا جس نے آئین توڑا اس کے لئے جنگ جاری ہے،آگے بڑھنے کا نام ذوالفقار علی بھٹو ہے،آج کے نوجوان کل ملک کی باگ ڈور سنبھالیں گے میں کامیاب سالگرہ کی تقریب منعقد کرنے پر پیپلز یوتھ کو مبارکباد دیتا ہوں ، انھوں نے کہا کہ عمران خان نیازی عوام سے کئے جانے والے تمام وعدے بھول گئے ہیں ، پیپلز پارٹی نے کہہ دیا تھا کہ عمران خان کا آرڈیننس نہیں چلے گاہم نے بل پارلیمنٹ میں لانے پر مجبور کردیاجو شخص تین تین ماہ پارلیمنٹ نہیں آتا تھا وہ اس بل کی خاطر گھنٹوں بیٹھا رہا ۔ یہ وہی عمران خان اور ان کے ساتھی ہیں جو چمچہ گیری بھی خود کرتے ہیں اور قانون بھی خود لاتے ہیں ۔ عمران خان میں تواتنی بھی ہمت نہیں کہ فیصل واوڈا کو ہی کچھ بول دیں ۔ سابق صوبائی وزیر جاوید ناگوری نے کہا کہ ہم بوٹ والوں کی پیداوار نہیں جو لوگ حکومت میں بیٹھے ہوئے ہیں وہ ہی سلیکٹڈ ہیں ۔ کل ایک چینل پر بیٹھ کر ایک شخص یہ الزام لگاتا ہے کہ ہم آمروں کے خلاف نہیں لڑے میں ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہم آمریت کے خلاف ہیں جمہوریت کے خلاف اگر کوئی اقدام اٹھا تو پیپلز پارٹی کے کارکنان سب سے آگے ہوگیں ۔ پی پی پی سندھ کے نائب صدر راشد حسین ربانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوتھ کے نوجوان اس ملک کا سرمایہ ہیپاکستان کا حقیقی یوتھ لیڈر صرف بلاول بھٹو زرداری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ مل کر نالائق حکومت سے عوام کی جان چھڑاونگے ۔ تقریب کے آخر میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔
آئین بنانے والے کو پھانسی، توڑنے والے کے لیے جنگ جاری ہے، نثار کھوڑو
Jan 17, 2020