لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبر ز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملک کی معاشی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کریں گے۔ یہ فیصلہ لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ کی ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں انجم نثار سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے دوران کیا گیا ۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے بھی اس موقع پر خطاب کیا جبکہ سابق عہدیداران محمد علی میاں، شاہد حسن شیخ، سہیل لاشاری، عبدالباسط، میاں نعمان کبیر، امجد علی جاوا، ناصر حمید خان، فہیم الرحمن سہگل اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبران بھی موجود تھے۔ میاں انجم نثار نے کہا کہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ واحد حل ہے ۔لاہور چیمبر کے صدرعرفان اقبال شیخ نے دنیا کے ساتھ معاشی و تجارتی روابط مضبوط کرنے کیلئے اکنامک ڈپلومیسی اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اب جبکہ تمام ممالک بین الاقوامی تجارت میں زیادہ سے زیادہ حصہ ڈالنے اور فائدہ اٹھانے میں مصروف ہیں ،ایسے میں پاکستان الگ تھلگ نہیں رہ سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کی جانب سے پاکستان کا غلط تاثر پھیلایا گیا ہے ،جسے درست کرنے کیلئے ملک کے تمام چیمبرز اور ٹریڈ باڈیز کو مل کر کام کرنا ہو گا۔
صدر ایف پی سی سی آئی کی لاہور چیمبر کے عہدیداروں سے ملاقات ‘اہم معاملات زیرغور
Jan 17, 2020