وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کیپیٹل ہل میں امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کے زیراہتمام ایک تقریب میں اظہارخیال کرتے ہوئے امریکہ اورپاکستان کے درمیان عوامی اور بین الپارلیمانی روابط مزید مستحکم کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
تقریب کے دوران وزیرخارجہ نے کہاکہ پاکستان نے امریکہ کے ساتھ اپنی شراکت داری کوہمیشہ اہمیت دی ہے۔
انہوں نے کاکس کے ارکان کو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ مخدوش صورتحال اور کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم کے بارے میں آگاہ کیا۔
انہوں نے کاکس کے ارکان کوملک میں سماجی واقتصادی اور انسانی ترقی کیلئے حکومت پاکستان کی سوچ اور افغانستان میں امن مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے اور خطے میں دہشت گردی کو شکست دینے سمیت علاقائی امن وخوشحالی کے لئے پاکستان کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔
اس موقع پر پاکستان کا کس کے ارکان نے علاقائی امن و سلامتی کیلئے پاکستان کی گرانقدر خدمات کی تعریف کی۔