سعودی عرب : بادام کی سفیدی طائف کے کھیتوں کی زینت بن گئی

سعودی عرب میں ان دنوں طائف شہر کے جنوب میں واقع کھیتوں میں بادام کے پودوں کی سفیدی چھائی ہوئی ہے۔ جنوری کے وسط کے بعد فصلِ ربیع کی آمد قریب ہے۔سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی SPA کے مطابق تجربات اور تحقیقی مطالعوں سے یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ طائف کے جنوب میں واقع علاقے بادام کے درخت کے لیے مناسب جگہ ہے۔

یہ دوسری جگہ بھی کاشت کیا جا سکتا ہے تاہم وہاں اس کے پھل کی کوالٹی مذکورہ علاقے جیسے نہیں ہو گی۔ایس پی اے کے نمائندے نے طائف کے جنوب میں واقع زرعی اراضی کا دورہ کیا جہاں بادام کے 50 سے 60 ہزار درخت موجود ہیں۔ اس دوران وہاں متعدد کاشت کاروں سے گفتگو بھی کی گئی۔

اس سلسلے میں ایک کاشت کار عبداللطيف المالكی نے بتایا کہ بادام کی کاشت کے ابتدائی مرحلے کا آغاز فصل ربیع کی آمد کے ساتھ ہوتا ہے۔ ابتدا اس کے پھول کا رنگ سفید ہوتا ہے جو وقت کے ساتھ اپنا رنگ تبدیل کرتا رہتا ہے۔ درمیان میں اس کا رنگ سبز بھی ہوتا ہے اور آخر کار تقریبا ایک ماہ بعد سُرمئی رنگ کے ساتھ اپنے اختتام پر پہنچتا ہے۔ایک دوسرے کاشت کار عبدالرحمن الثقفی کے مطابق بادام کے فی کلو عمومی نرخ 200 سے 300 ريال کے درمیان ہوتے ہیں تاہم مختلف سیزنوں میں یہ بدلتے رہتے ہیں۔ بعد ازاں تھیلیوں میں پیک کرنے کے بعد ایک پیکٹ کی قیمت تقریبا 900 ریال ہوتی ہے۔

ایک اور کاشت کار سعد الحارثی نے بتایا کہ بعض مرتبہ لوگ بادام کے مکمل طور پر پکنے سے قبل اسے کھانا پسند کرتے ہیں ، اس کو قضیم کے نام سے جانا جاتا ہے۔ علاقے کے بہت سے لوگ بادام کو "عرب ضیافت" کے طور پر پیش کرتے ہیں۔ اس دوران میزبان خود بادام کو توڑ کر اس کا پھل پیش کرتا ہے جو کہ مہمان کا اکرام اور اس کو بلند مرتبہ دینا شمار کیا جاتا ہے۔


 

ای پیپر دی نیشن