استعفوں، مارچ کی فلاپ فلم پر صف ماتم،ہر کوئی اپنی ہانک رہا: فردوس عاشق

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ استعفوں اور لانگ مارچ کی فلاپ فلم پر پی ڈی ایم میں صف ماتم بچھی ہوئی ہے۔ پی ڈی ایم میں اب ہر کوئی اپنی ہانک رہا ہے۔ راجکماری، شہزادے اور مولانا میں پھوٹ پڑ چکی۔ ان کے درمیان جلد جوتیوں میں دال بٹے گی۔ منافقین کا یہ ٹولہ استعفے کبھی نہیں دے گا۔ چور اور لٹیرے لانگ مارچ نہیں کر سکتے۔ ان لوگوں کا تو اپنا ’’لونگ گواچ‘‘ چکا ہے۔ یہ لوگ ضمنی الیکشن بھی لڑیں گے اور سینٹ الیکشن بھی۔ انہوں نے کہاکہ عوام سیاسی مسخروں کی قلابازیوں پر لوٹ پوٹ ہو رہے ہیں۔ پی ڈی ایم عناصر کو شرم سے ڈوب مرجانا چاہئے۔ کرونا پر منفی سیاست کرنے والوں کی انتشار کی سیاست کا دھڑن تختہ ہو چکا ہے۔ فردوس عاشق نے کہا صحافی برادری کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے اس مقصد کیلئے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر کی سربراہی میں چاروں صوبوں کی نمائندہ کمیٹی قائم کردی گئی ہے ۔کمیٹی کا وفد صحافتی مسائل کے حل کے سلسلے میں وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کرے گا۔ملک میں سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ شہباز شریف کی عدالت پیشی کے موقع پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور ایک ملزم کو ہیرو بناکر پیش کیا گیا۔ ہمارے معاشرے میں عدالتوں سے سزا یافتہ لوگ وکٹری کا نشان بنا کراور پھولوں کا ہار پہن کر فخریہ چلتے ہیں۔ یہ لوگ ایک تو چوری کرتے ہیں پھر سینہ زوری بھی کرتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن