لاہور+اسلام آباد+گلگت (نمائندہ اسپورٹس+اسپورٹس رپورٹر+اقبال عاصی ) موسم سرما میں کے ٹو سر کرنے کا عالمی ریکارڈ قائم ہوگیا، نیپالی کوہ پیماؤں پر مشتمل ٹیم نے کے ٹو سر کر لیا۔ کوہ پیماؤں نے منفی 50 ڈگری میں مشن جاری رکھا۔ نیپالی کوہ پیماؤں کی قیادت مینگما گائل شرما نے کی۔ نیپالی کوہ پیماؤں کی ٹیم 10ممبران پر مشتمل تھی۔ کوہ پیماؤں کو سخت موسمی حالات کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹیم میں ڈاوا ٹیمبا شرپا‘کیلو پیمبا شرپا ‘مینگما ڈیوڈ شرپا‘مینگما جی شرپا ‘منگما تینزنگ شرپا ‘نرمل پر لجا ‘پیم چھیری شرپا اور سونا شرپا بھی شامل تھے۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پر کے ٹو سر کرنے کی خبر ٹاپ ٹرینڈ بن گئی۔ ٹیم لیڈر کا کہنا تھا کہ کے ٹو پر کامیاب مہم جوئی پر پاکستانیوں کو بھی مبارک باد دیتا ہوں۔ واضح رہے کہ دنیا کی 14 بلند ترین چوٹیوں میں سے 13 کو موسم سرما میں سر کیا جا چکا ہے اور دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو وہ واحد چوٹی تھی جو موسم سرما میں اب تک سر نہیں کی گئی تھی۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید خان نے کے ٹو سر کرنے والی نیپالی مہم جو ٹیم کی کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ موسم سرما میں اس مہم کی کامیابی سے گلگت بلتستان میں کوہ پیمائی اور سرمائی سیاحت کے نئے دروازے کھلیں گے۔