مقبوضہ بیت المقدس (اے پی پی):مسجد اقصیٰ کے امام اور خطیب الشیخ ڈاکٹر اسماعیل نواھضہ نے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ کواسرائیلی ریاست کی غلیظ اور گھناونی سازشوں کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ قبلہ اول کے خلاف اسرائیل کی نئی اور تازہ سازشوں میں مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی سروے انجینئرز کا مسجد اقصیٰ میں داخلہ اور مقدس مقام کی بے حرمتی ہے۔اپنے ایک بیان میں الشیخ اسماعیل نواھضہ نے کہا کہ اسرائیلی کی طرف سے فلسطینی شہریوں، گھروں، اراضی، اداروں، املاک اور مقدسات جن میں خاص طور پر مسجد اقصیٰ شامل ہے پرحملے جاری ہیں۔انہوںنے کہا کہ اسرائیل فلسطینیوںکو تو مسجد اقصیٰ میں نماز اور عبادت کی ادائیگی سے روک رہا ہے، فلسطینی اراضی میں بلا توقف یہودیوں کے لیے ہزاروں مکانات کی تعمیر کی منظوری دی جا رہی ہے۔انہوں نے مزید لکھا کہ مسجد اقصیٰ کو قابض دشمن کی جانب سے سازشی چالوں کا سامنا ہے، یہودی آباد کاروں کو قبلہ اول پردھائوں کے لیے فول پروف سکیورٹی مہیا کی جاتی ہے۔ ہمارے بزرگ، بچے اور ہماری مائیں اور بہنیں توہین آمیز ظلم کا سامنا کر رہے ہیں۔