لاہور (وقائع نگار خصوصی) سیشن کورٹ نے شہباز گل کے خلاف ترک کمپنی کی طرف سے ایک ارب روپے کے ہتک عزت کیس میں شہباز گل کی بریت کی درخواست پر وکلاء کو بحث کے لئے 30 جنوری کو طلب کر لیا۔ سماعت کے آغاز پر وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل پیش نہیں ہوئے تو عدالت نے سماعت موخر کر دی۔ بعد ازاں شہباز گل عدالت میں پیش ہو گئے شہباز گل کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست بھی دائر کی گئی جس پر ایڈیشنل سیشن جج ذوالفقار علی نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔ پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شہباز گل نے کہا جھوٹے کیس میں عدالت میں آکر ایک شریف آدمی کو شرمندگی ہوتی ہے کیس عدالت میں ہے سچ سب کے سامنے آئے گا عدالت آکر محسوس ہوتا ہے کہ یہ مجرموں کی جگہ ہے سمجھ نہیں آتا کہ یہاں آکر بے حیا لوگ کس طرح وکٹری بناتے ہیں شہباز گل عدالت سے روانہ ہوئے تو عدالت کے باہر موجود ن لیگ کے کارکنوں نے آٹا چور چینی کے نعرے لگائے۔