کرونا: 2 ڈاکٹروں سمیت47 جاں بحق، پاکستان نے ویکسین کی منظوری دیدی

Jan 17, 2021

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ +  نوائے وقت رپورٹ) کرونا وائرس کے پاکستان میں مزید 2 ہزار 432 کیسز سامنے آئے جبکہ 46 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ مزید  2 ہزار 793 لوگ  شفایاب ہوگئے۔ متاثرہ افراد کی تعداد 5 لاکھ 16 ہزار 770 ہوگئی، 91.4 فیصد یعنی 4 لاکھ 72 ہزار 99 مریض اب تک صحتیاب ہوچکے جبکہ اموات 10 ہزار 908 تک پہنچ گئیں، فعال کیسز کی تعداد 33 ہزار 763 رہ گئی۔ صوبہ سندھ میں مزید ایک ہزار 443 کیسز، متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 33 ہزار 396 تک پہنچ گئی۔کراچی کے ایڈیسنل ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر عبدالحق سمیت سندھ میں مزید 15 مریضوں کا انتقال، مجموعی تعداد 3 ہزار 769 تک پہنچ گئی۔ صوبہ پنجاب میں 535 نئے کیسز، متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 48 ہزار 488 ہوگئی۔ مزید 17 مریض لقمہ اجل بنے، اموات 4 ہزار 387 ہوگئیں۔ صوبہ خیبرپی کے میں مزید 277 متاثر، مجموعی متاثرین 62 ہزار 996 ہوگئے۔  مزید 11 مریضوں کا انتقال، تعداد ایک ہزار 773 پر جا پہنچی۔ بلوچستان میں  22 کیسز ،  مجموعی کیسز 18 ہزار 537 ہوگئے۔ ایک فرد جاں بحق، اموات 190 تک پہنچ گئیں۔ اسلام آباد میں مزید 139 کیسز، متاثرین 39 ہزار 888 تک جا پہنچے۔  پمز کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر منظور سمیت مزید 2 مریض جاں بحق، اموات  451 تک پہنچ گئیں۔ آزاد کشمیر میں مزید 16 متاثر،  تعداد 8 ہزار 583 ہوگئی۔  اموات کی مجموعی تعداد 238 پر برقرار ہے۔ گلگت بلتستان میں وبا کا کوئی نیا کیس رپورٹ آیا نہ ہلاکت ہوئی،متاثرین 4 ہزار 882، مجموعی اموات 101 پر برقرار ہیں۔ پاکستان نے کرونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے دی، ڈریپ رجسٹریشن بورڈ کی جانب سے برطانوی ویکسین اے زیڈ ڈی 1222 کے ہنگامی استعمال کی اجازت دی گئی ہے، اے زیڈ ڈی 1222کرونا ویکسین آکسفورڈ، آسٹرازنیکا کی تیار کردہ ہے، منظوری ملنے پر آسٹرازنیکا ویکسین درآمدکے بعد پاکستان میں استعمال ہو سکے گی، برطانوی کرونا ویکسین کے استعمال کی اجازت پاکستان کمپنی نے مانگی تھی،کراچی کی فارما کمپنی آسٹرازینکا کی کرونا ویکسین درآمد کرے گی اور نجی سیکٹر کی درآمدہ اسٹرازینکا ویکسین کی قیمت حکومت طے کرے گی،آسٹرازنیکا کی کرونا ویکسین تمام عمر کے افراد کیلئے موثر پائی گئی ہے اور یہ ویکسین برطانوی وزارت صحت سے منظور شدہ ہے، اس ویکسین کی کامیابی کا تناسب 62 فیصد ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی) کی جانب سے ہفتہ کے روز ملک میں کرونا وائرس کی صورتحال کے حوالہ سے جاری تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق اس وقت ملک میں کرونا وائرس سے انتقال کرنے والے مریضوں کی شرح 2.1 فیصد جبکہ صحتیاب ہونے والے مریضوں کی شرح 91.4فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ این سی او سی کے مطابق صوبہ سندھ کرونا وائرس کے کل رپورٹ ہونے والے کیسز، صحتیاب ہونے والے مریضوں اور فعال کیسز کے اعتبار سے ملک بھر میں پہلے نمبر پر ہے جبکہ صوبہ پنجاب دوسرے نمبر پر ہے۔ جبکہ اموات میں صوبہ سندھ دوسرے نمبر پر ہے۔کروناوائرس کے فعال کیسزکے اعتبار سے صوبہ خیبر پی کے اس وقت ملک بھر میں تیسرے نمبر پر ہے۔ پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے کرونا کے سدباب کے لئے شہر کے 5 مختلف علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ہفتے کے روز دنیا کی سب سے بڑی ویکسینیشن مہم شروع کر دی ہے جس میں مقامی طور پر تیار دو کمپنیوں کی ویکسین استعمال کی جا رہی ہیں۔پیر محل سے نامہ نگار کے مطابق بنک ملازمین میں کرونا وائرس کی تصدیق، برانچ کو سیل کردیا گیا۔ تفصیل کے مطابق شہر کی وسطی شاہراہ رجانہ روڈ پر قائم فیصل بنک کے 2 ملازمین میں مبینہ طور پر کرونا وائرس کی تصدیق ہونے پر مذکورہ برانچ کو غیرمعینہ مدت کے لئے بند کردیا گیا جبکہ بنک میں ڈیوٹی سرانجام دینے والے دیگر ملازمین کے بھی کرونا ٹیسٹ کروانے کے لئے نمونہ جات حاصل کر لئے گئے۔

مزیدخبریں