گکھڑمنڈی(نامہ نگار) نواحی گائوں کوٹلی ساہیاں میں گزشتہ روز قتل ہونے والے پانچ افرادکی نعشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئیں جنہیں انکے آبائی علاقوں کے قبرستانوں میں نماز جنازہ کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا پولیس تھانہ گکھڑ نے ملزم جاوید اقبال عرف سفیان چیمہ کی اہلیہ مسمات فاطمہ کی مد عیت میں قتل کا مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے پولیس کی ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملزم کے چھوٹے بھائی عمران کے ساتھ ملزم کی سالی کا ٹیلی فونک نکاح ہوا تھا ملزم اور اسکا والد ظفر اقبال اس نکاح پر راضی نہ تھے اور انھوں نے خفیہ طور پر منصوبہ بندی کر کے اپنے گھر میں کھانے کی دعوت پر بلا کر ملزم نے ساس ، دادی ساس،دو سالوں کو گھر کے اندر ہی فائرنگ کرکے قتل کر دیا اور فرار ہوتے ہوئے باہر گلی میں اپنے حقیقی چچا فیاض چیمہ کو بھی فائرنگ کر کے قتل کر دیاملزم اسکا چچا اور سسر سعودی عرب میں کاروبار کرتے ہیں ملزم اور مقتول چچا چند ماہ قبل پاکستان آئے تھے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ واردات کے فوری بعد ملزم کا والد ظفر اقبال اپنے نو ماہ کے پوتے(ملزم کا بیٹا)کواسکی ماں سے چھین کر اور اپنی کمسن بیٹی کو بھی ساتھ لیکر فرار ہوگیا تھا ملزم کی فلایئٹ کی ٹکٹ بھی بک بتائی گئی ہے پولیس نے متعلقہ ائیر پورٹ کو اس بارے میں آگاہ کررکھا ہے ۔
کوٹلی ساہیاں میںقتل ہونیوالے پانچ افرادکی نعشیں آبائی قبرستان میں سپردخاک
Jan 17, 2021