لاہور(نیوزرپورٹر) آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے زیر اہتمام پرفارمنس آڈٹ ونگ لاہور نے حکومت خیبر پی کے اور گلگت بلتستان کے ایگزیکٹو ڈیپارٹمنٹس کے افسران کیلئے’’ویلیو فارمنی‘‘ تربیتی کورس کا انعقاد کیا۔ 3روزہ تربیتی کورس میں خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کی صوبائی حکومتوں کے افسران نے شرکت کی۔تربیتی کورس کے دوران شرکاء کو سرکاری وسائل سے خریداری یا خرچ کی گئی رقم کے درست استعمال کی افادیت کے بارے میں آگاہی دی گئی۔ کورس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ ’’ویلیو فارمنی‘‘ کے جدید اصولوں کو اپنا کر سرکاری وسائل سے خریداری یا خرچ کی گئی رقم کا درست استعمال یقینی بنایا جا سکتاہے اس سے نہ صرف کارکردگی میں اضافہ ہوتاہے بلکہ سرکاری وسائل کا ضیاع بھی روکا جاسکتا ہے اور کسی بھی خریداری کے حوالے سے رقم کی درست ادائیگی کے ساتھ اچھی سروس کو بھی یقینی بنایا جاسکتا ہے۔