شہباز 4 شریفوں کیلئے ڈیل مانگ رہے‘ نہیں ملے گی: شہباز گل

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ و ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ شہباز شریف 4 کے ٹولے اپنے، حمزہ شہباز، نواز شریف اور مریم نواز کیلئے ڈیل مانگ رہے اور لندن جانا چاہتے ہیں لیکن انہیں جتنی ڈیل اور ڈھیل ملنا تھی مل گئی اور عنقریب شہباز شریف جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوں گے جبکہ نواز شریف کا ویزا بھی جلد مسترد ہونے والا ہے۔ اتوار کی سہ پہر132.217 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین میراں والا بنگلہ بوریوالا روڈ ضلع فیصل آبادکی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی کوشش ہے اگر ان کو ڈیل مل جائے اور انہیں لندن جانے دیا جائے تو بعد میں شاہد خاقان عباسی ن لیگ کی سیاست سنبھال لیں لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔ جتنی مجبوریاں تھیں وہ ختم ہوگئی ہیں۔ اسلئے اب کوئی نرمی کی توقع نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ اب ان کے سامنے عمران خان کھڑا ہے لہٰذا نواز شریف کا احتساب ضرور ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مہر تیار کررکھی ہے جو نواز شریف کے وارنٹ پر لگے گی اور جونہی وہ پاکستان میں اتریں گے انہیں وہاں سے سیدھی جیل کی راہ دکھائی جائے گی۔ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ آج علمی جریدے بلوم برگ کی رپورٹ ہے کہ سال 2022 میں پاکستان کی اکانومی امریکہ، برطانیہ اور دنیا کے دیگر ترقی یافتہ ممالک سے زیادہ تیزی سے اوپر جائے گی۔ جو عمران خان کی حکومت کی کوششوں کا اعتراف ہے۔ عمران خان نے غریب کا ہاتھ پکڑا ہے اور آج غریب بھی امیروں جیسا علاج کرا سکتے ہیں نیز آج پیسے نہ ہونے پر کسی مریض کی جان نہیں جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم تعلیم پر بھی توجہ دے رہے ہیں اور انہوں نے اپنے حلقے کے 47 سکولوں کو اپ گریڈ کروایا ہے۔ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ یہ امر افسوسناک ہے کہ کئی چینلز صحافیوں کو تنخواہ نہیں دے رہے حالانکہ ان کی دو چینلزسے بات ہوئی تو انہوں نے کہا کہ ان کے پاس پرائیویٹ طور پر ہی اتنے اشتہار ات ہیں کہ انہیں حکومتی اشتہارات کی ضرورت نہیں۔ حکومت کوشش کرے گی کہ اشتہارات تنخواہوں کی ادائیگی سے مشروط ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیصل آباد چنیوٹ روڈ، سرگودھا روڈ، جھنگ روڈ اور سمندری روڈ وغیرہ کی تعمیر جلد شروع ہوجائے گی اور 13 ارب کی لاگت سے ان منصوبوں کو ریکارڈ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ اس موقع پرصوبائی وزیر کلچر و کالونیز میاں خیال احمد کاسترو، پی ٹی آئی کے کارکنان بھی موجود تھے۔
شہباز گل

ای پیپر دی نیشن