لکی مروت(نامہ نگار+نیٹ نیوز) لکی مروت کے علاقہ غزنی خیل میں پولیس کی کارروائیوں میں مطلوب اشتہاری سمیت 3 دہشت گرد مارے گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز اور پولیس کے سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے فورسز پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک دہشت گرد کی شناخت عبدالرؤف ساکن شیری خیل کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ غزنی خیل کے علاقے میں بھی پولیس کی کارروائی کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں پولیس کو مطلوب اشتہاری مارا گیا، جو متعدد مقدمات میں ملوث تھا۔ دوسری جانب پولیس حکام نے بتایا کہ لکی مروت میں ہی فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان کے اہلکار کو اغوا کے بعد شہید کر دیا گیا۔ ایف سی بلوچستان کا اہلکار رفیع اللہ چھٹی پر گھر آیا ہوا تھا کہ اسے نامعلوم افراد کی جانب سے اغوا کرلیا گیا، اور بعد میں اس کی لاش کرموخیل پہاڑ کے قریب سے ملی۔ واقعہ کے بعد فورسز نے آپریشن شروع کردیا ہے، اور تحقیقات کی جارہی ہیں کہ واقعہ میں کون سے عناصر ملوث ہیں۔
لکی مروت ، آپریشن میں 3دہشتگر د ہلاک ، ایف سی اہلکار اغوا، شہید کر دیا گیا
Jan 17, 2022