لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے پاکستانی امریکن کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کے صدر اور نیویارک اوورسیز پاکستانیوں کے جنرل سیکرٹری خورشید بھلی نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر ٹکٹ ہولڈر صوبائی اسمبلی سعید بھلی اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں نمایاں ہیں، امریکی قانون ساز اداروں میں پاکستانی نژاد شہری اپنا مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کو سنبھالا دینے کیلئے اوورسیز پاکستانی ماہانہ اربوں ڈالر بھیجتے ہیں، ملک سے باہر یہ ملک کے سفیر بھی ہیں، ان کی گرانقدر خدمات کے صلہ میں انہیں ووٹ کا حق بھی دے دیا گیا ہے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ منی بجٹ میں حکومت کو مستقبل میں معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے ووٹ دیا ہے، اب حکومت کے پاس اقدامات اٹھانے کا بہترین موقع ہے، حکومت ایسے اقدامات کرے جس سے عام آدمی کو اس کا فائدہ پہنچے اور یہ فائدہ واضح طور پر نظر بھی آنا چاہئے۔ خورشید بھلی نے کہا کہ امریکہ سمیت دیگر ممالک میں گجرات، منڈی بہاء الدین، جہلم، سیالکوٹ کے کثیر شہری آباد ہیں، سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے اوورسیز پاکستانیوں کی میت مفت وطن واپس لانے کی سہولت دے کر ہمارا بہت بڑا مسئلہ حل کر دیا جس پر ساری پاکستانی کمیونٹی ان کی مشکور ہے۔