لاہور (نیوز رپورٹر) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ دریائے راوی کے دونوں کناروں پر 46 کلومیٹر لمبے حصے پر راوی ریور فرنٹ منصوبہ وزیراعظم عمران خان کے خواب کی تکمیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ راوی ریور فرنٹ شہری پھیلاؤ کو روکنے، پانی کی سطح کو بلند کرنے اور دریائے راوی کو بحال کرنے میں مدد کرے گا۔ حسان خاور نے مزید کہا کہ راوی ریور فرنٹ کا پہلا زون چاہار باغ شروع کیا جا چکا ہے۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے زیادہ آبادی، ٹریفک کی بھیڑ، آلودگی اور پانی کی کمی سے نمٹنے کے لیے اس منصوبے پر تیزی سے عمل درآمد کا حکم دیا ہے۔ ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ پہلا مرحلہ 15,000 ایکڑ پر محیط ہوگا اور اس میں سیفائر، ایگری، نالج، ایمرلڈ بے، ٹوپاز بلاک، بیراجز اور جھیل شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راوی سٹی صوبے میں نجی سرمایہ کاری اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ذریعے زرمبادلہ لائے گا اور ہاؤسنگ، تعمیراتی صنعت اور دیگر متعلقہ صنعتوں کے ذریعے لاکھوں ملازمتیں پیدا کرے گا۔