رحیم یارخان(کرائم رپورٹر)راولپنڈی سے کراچی جانیوالی شاہ حسین ایکسپریس بڑے حادثہ سے بال بال بچ گئی، پھاٹک بند ہونے کے باوجود نامعلوم موٹرسائیکل سوار کی جانب سے ریلوے لائن عبورکرنے کی کوشش کے دوران ٹرین موٹرسائیکل سے ٹکراگئی۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ روز راولپنڈی سے کراچی جانیوالی شاہ حسین ایکسپریس جب لیاقت پور کے نزدیک برجی نمبر 739/1کراس کررہی تھی کہ اسی دوران ریلوے پھاٹک بند ہونے کے باوجود نامعلوم شخص نے اپنے موٹرسائیکل نمبریRNP-1095سے ریلوے لائن عبورکرنے کی کوشش کی، تاہم اسی دوران شاہ حسین ایکسپریس موٹرسائیکل سے ٹکراگئی، جس کے نتیجہ میں موٹر سائیکل مکمل طورپر تباہ ہوگیا اور ٹرین کے انجن کو بھی جزوی طور پر نقصان پہنچا۔تاہم موٹرسائیکل سوار موقع سے فرارہو گیا۔ اطلاع ملنے پر ریلوے پولیس موقع پرپہنچ گئی جس نے تباہ ہوجانے والے موٹرسائیکل کو ریلوے لائن سے ہٹادیا اورایک گھنٹہ بعد شاہ حسین ایکسپریس کو منزل مقصودکی جانب روانہ کردیاگیا۔
شاہ حسین ایکسپریس کی موٹر سائیکل سے ٹکر‘ خوفناک حادثے سے بچ گئی
Jan 17, 2022