موجودہ دور میں عوام کو ریلیف دینے والی حکومت ہی اپنا وجود برقرار رکھتی ہے۔ جمہوری حکومتیں اپنے شہریوں کا معیار ز ندگی اور انہیں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے ہمہ وقت سرگرم عمل رہتی ہیں۔ حکمرانوں کو معلوم ہوتا ہے کہ انہیں عوامی فلاح و بہبود کے کاموں کی بدولت اپنے شہریوں کو جوابدہ ہونا پڑتا ہے جس کی بنیاد پر ان کے آئندہ اقتدار میں رہنے کی راہ ہموار ہوتی ہے۔ وطن عزیز میں عوامی فلاح وبہبود اور عوامی مفادات کو ترجیح دینے کیلئے موجودہ حکومت نے انقلابی اقدامات کیے ہیں۔ صوبہ پنجاب میں وزیر اعلی سردار عثمان بزدار اپنے عوام کو ترقی و خوشحالی کی جانب تیزی سے رواں دواں رکھے ہوئے ہیں۔ پسماندہ علاقوں میں بنیادی ضروریات کی فراہمی کیلئے صوبہ بھر کی انتظامیہ متحرک ہے۔اور ان علاقوں میں عرصہ دراز کی عوامی محرومیوں کے بعد اب حالات یکسر تبدیل ہو چکے ہیں ۔ اس حوالے سے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار مسیحا کے طو رپر سامنے آئے ہیں۔انہوں نے صوبہ کے وسائل کو سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر پہلی بار یکساں بنیادوں پر ہر تحصیل، ضلع اور شہروں تک پہنچایا ہے۔
انتظامی بنیاد وں پر جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کیلئے عملی اقدامات کیے گئے 16صوبائی محکموں کے افسران کو سیکرٹریٹ میں تعینات کیاگیا۔ اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ بنیادی ضروریات کے اہم عناصر صحت و تعلیم، صفائی و ستھرائی، پاک و صاف پانی کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات ہر شہری تک پہنچائے گئے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر سرپرستی ہر شعبہ میں برق رفتاری کے ساتھ ترقی کی منازل طے کی جا رہی ہیں۔ بنیادی ضرورتوں اور ترقیاتی منصوبوں کے بعد اب وزیر اعلی پنجاب سردارعثمان بزدار نے نوجوانوں کیلئے سرکاری ملازمتوں کی فراہمی کے دروازے بھی کھول دئیے اور ساتھ ہی انہوں نے ملازمتوں کیلئے عمر کی حد میں دو سال کی رعایت بھی دینے کا اعلان کیا ہے جس کا فائدہ براہ راست نوجوانوں کو پہنچے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے مطابق نوجوان ہمارا اثاثہ اور مستقبل ہیں اور ان کیلئے ایک لاکھ ملازمتوں کو بڑھا کر ڈیڑھ لاکھ تک لے جارہے ہیں سرکاری محکموں میں با صلاحیت او رتعلیم یافتہ نوجوانوں کو میرٹ پر ملازمتیں دیں گے اس کے علاوہ پنجاب کے نوجوانو ں کو ملازمتوں کیلئے اور پی ایم ایس کے امتحان میں بھی امیدوارو ں کو عمر میں دو دو سال کی رعایت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں 740ارب روپے کا سب سے بڑا ترقیاتی بجٹ دینے کا اعزاز ہماری حکومت کو حاصل ہواہے۔ گراس روٹ لیول پر ترقی کے ثمرات پہنچانے کیلئے 360 ارب روپے کا ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج دیا ہے۔ عوام کی بہتری کیلئے حکومت پوری طرح یکسو اور متحرک ہے۔ ملازمتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام کادائرہ کار مزید بڑھا رہے ہیں ۔ اپنے نوجوانوں کو ہر فیلڈ میں جدیدتکنیک،ابلاغی ماڈل اور ریسرچ سے آگاہی دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان بالخصوص پنجاب کے نوجوانوں کی خدا داد صلاحیتوں کی پوری دنیا معترف ہے۔ روزگار کی فراہمی کے ساتھ ساتھ سرکاری محکموں میں ٹریننگ کا عمل بھی جاری رہے گا جو کہ عملی زندگی میں نوجوانوں کیلئے مفید ثابت ہو گی۔ پنجاب میں 2 سالہ چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام کیلئے 6کروڑ 70لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں جس کے تحت ینگ گریجوایٹس کو 20ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ دیا جا رہا ہے۔ یہ پروگرام نوجوانوں کیلئے پیشہ ورانہ تربیت اور ملازمت کے دروازے کھولے گا۔
حکومت پنجاب نے سرکاری محکموں میں نوجوانوں کو ملازمتیں دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے جلد ہی اشتہارات دئئے جائیں گے دوسری طرف صوبہ بھر کے نوجوانوں نے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی طرف سے سرکاری ملازمتوں پرعائد پابندی اٹھانے اور سرکاری ملازمتوں میں عمر کی حد میں رعایت دینے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے اور انہوں نے وزیر اعلی پنجاب کو اس فیصلے پر خراج تحسین بھی پیش کیا ہے کہ وزیر اعلی عثمان بزدار نے ملازمتوں کو فراہمی اور عمر کی حد میں رعایت کا اعلان کر کے ہمارے دل جیت لئے ہیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی نوجوانوں کو برسرروزگارکرنے اور بااختیار بنانے کیلئے کاوشیں قابل قدر ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ روزگار کی فراہمی کے علاوہ صوبہ کے گریجویٹس کو مختلف محکموں میں ٹریننگ کے مواقع فراہم کرنا پی ٹی آئی حکومت کا اعزاز ہے جو ان کیلئے مستقبل میں سود مند ثابت ہوگی اوران کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں مزید نکھارکا باعث بنے گی۔