لاہور(نامہ نگار)عوامی رکشہ یونین پاکستان کے مرکزی چیئرمین مجید غوری نے کہا ہے کہ مہنگائی نے غریبوں کو خود کشیوں پر مجبور کردیاہے۔ لوگ رو رہے ہیں لیکن بے رحم حکمران مسلسل مہنگائی میں اضافہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔مہنگائی کا خاتمہ اور پٹرول کی قیمت 90روپے لٹر کی جائے۔ورنہ شہر کے داخلی اور خارجی راستے بند کردیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹھوکر نیازبیگ چوک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں سینکڑوں رکشہ ڈرائیوروں نے شرکت کی جو حکومت اور مہنگائی کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔چیئرمین مجیدغوری نے کہا کہ لاکھوں کمانے والے، کئی کئی کنال کے گھروں میں رہنے والے،اپنی تمام ضروریات سرکاری خزانے اور لوٹ مار سے پوری کرنے والے کیا جانے کہ5،سات سو روپے کمانے والا رکشہ ڈرائیور اور مزدور کس طرح گزر بسر کرتا ہوگا۔