فا ئنل تنازعہ کا شکار ، واپڈا، ایئر فورس نیشنل کبڈی کی مشترکہ چیمپئن

لاہور (سپورٹس رپورٹر)42ویں قومی کبڈی چیمپئن شپ کا فائنل تنازعہ کا شکار،منتظمین نے دونوں ٹیموں کو مشترکہ چیمپئن قرار دیدیا ۔ واپڈا اور ائیر فورس ٹیموں کے کھلاڑیوں نے فائنل میں خوب زور آزمائی کی،اور شائقین کبڈی نے دونوں ٹیموں کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا۔میچ کے آخری مراحل میں ایک پوائنٹ سے دونوں ٹیموں کے درمیان تنازعہ شروع ہوا،میچ آفیشل نے فیصلہ واپڈا کے حق میں دیا لیکن ائیر فورس نے فیصلہ ماننے سے انکار کردیا۔شائقین کبڈی زبردستی میدان میں گھس گئے اور اپنی اپنی پسند کی ٹیم کے کھلاڑیوں کو کندھوں پر اٹھا کرجیت کا جشن منایا۔میچ کی جیوری نے پہلے واپڈا کو چیمپئن قرار دیا بعد میں پاکستان کبڈی فیڈریشن نے 46,46 پوائنٹس کیساتھ دونوں ٹیموں کو مشترکہ ونر قرار دیدیا ،مہمان خصوصی وزیر مملیکت برائے اطلاعات فرخ حبیب انعامات تقسیم کیے بغیر ہی واپس روانہ ہوگئے۔ اس سے قبل واپڈ اکی ٹیم تین فائنل ہار چکی تھی ۔ فائنل میں کئی کھلاڑی میچ کے دوران زخمی بھی ہوئے جنہیں موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد دی گئی ۔ واپڈ ا ٹیم کو پہلے ہاف کے اختتام پرانیس کے مقابلے میں ستائیس پوائنٹس کی برتری حاصل تھی ۔ دوسرے ہاف میں ایئر فورس کی ٹیم نے اچھا کم بیک کیا ۔ پہلے پوائنٹس برابر کئے اور بعد میں میچ جیتنے کی پوزیشن میں آئے ۔ پندرہ سیکنڈ کا کھیل باقی تھا کہ مقابلہ چھیالیس چھیالیس پوائنٹس سے برابر ہو گیا ۔ ایئر فورس کے کھلاڑی نے پوائنٹ حاصل کرنے کی کوشش کی تاہم وہ فائول کربیٹھے ‘ٹورنامنٹ کمیٹی نے بار بار ریویو کا جائزہ لیا اور واپڈ اکے حق کے فیصلہ دیا ۔ میچ برابر ہونے پر ایئر فورس ٹیم نے فیصلہ کیخلاف اپیل کر دی جس کے باعث میچ کافی دیر تک رکا رہا ۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن نے دونوں ٹیموں کو مشترکہ چیمپئن قرار دیا۔فائنل میچ کے دوران پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر چودھری شافع حسین اور وفاقی وزیرمملکت فرخ حبیب بھی سٹیڈیم پہنچنے اور ان کا کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا ۔ شافع حسین نے کہا کہ کبڈی کے فروغ کیلئے ملک بھر میں ایونٹس کرائیں گے ۔ کوشش کررہے ہیں گوادر میں ٹورنامنٹ کرائیں جس میں چین کی کبڈی ٹیم کو بھی مدعو کیا جائیگا ۔ چونکہ سی پیک چین کی مدد سے چل رہا ہے تواس وجہ سے چین کی ٹیم کو مد عو کریں گے ۔ چار ملکی ٹورنا منٹ کرانے کا بھی منصوبہ بنا رہے ہیں جس میں بھارت ‘عراق اور کینیڈا کی ٹیموں کو مدعو کیا جائیگا۔ کھیل کے فروغ کیلئے زیادہ سے زیادہ اقدامات کر رہے ہیں ۔ وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے کہ ملک میں کھیلوں کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیا جائے ۔ قبل ازیں تیسری پوزیشن کیلئے کھیلے گئے میچ میں آرمی کی ٹیم نے پولیس کی ٹیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دیدی ۔ آرمی کے کبڈی کھلاڑیوںنے شاندار کھیل پیش کیا تاہم پولیس ٹیم کے کھلاڑی بے بس دکھائی دیئے ۔ فیڈریشن نے فیصلہ کیا کہ ایئرفورس اور واپڈا کی ٹیمیں 6-6 ماہ ٹرافی رکھیں گی۔

ای پیپر دی نیشن