ممبئی(آئی این پی)بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر اور سابق کپتان سارو گنگولی نے ویرات کوہلی کی جانب سے ٹیسٹ فارمیٹ کی کپتانی چھوڑنے کے اعلان کو ان کا ذاتی فیصلہ قرار دیا ہے۔بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سارو گنگولی نے ویرات کوہلی کی جانب سے ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سے دستبرداری کے اعلان پر اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ ویرات کی قیادت میں بھارتی کرکٹ ٹیم نے کھیل کے تمام فارمیٹس میں عروج حاصل کیا۔سارو گنگولی نے مزید کہا کہ کوہلی کی جانب سے ٹیسٹ اسکواڈ کی قیادت چھوڑنے کا فیصلہ ذاتی ہے اور بھارتی کرکٹ بورڈ اس کا بے حد احترام کرتا ہے۔صدر بھارتی کرکٹ بورڈ نے مزید کہا کہ ویرات کوہلی ایک عظیم کھلاڑی ہیں، امید ہے کہ کوہلی مستقبل میں بھارتی کرکٹ ٹیم کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے ایک اہم رکن ہوں گے۔ویرات کوہلی نے گزشتہ روز بھارتی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ یہ اعلان انہوں نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز ہارنے کے بعد کیا تھا۔کوہلی کی قیادت میں بھارت نے 68 ٹیسٹ میچ کھیلے جن میں سے اس نے 40 میں کامیابی حاصل کی۔ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرمناک کاکردگی دکھانے پر کوہلی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔میگا ایونٹ کے بعد کوہلی کی جگہ روہت شرما کو ٹی ٹوینٹی اسکواڈ کا کپتان مقرر کیا گیا۔ جس کے چند روز بعد کوہلی نے ون ڈی ٹیم کی قیادت بھی چھوڑ دی تھی۔