چائنا ونڈو نے پشاور میں6  ماہ دورانیے کا فرری چینی لینگویج کورس شروع کر دیا 

Jan 17, 2022

اسلام آباد ( نوائے وقت رپورٹ)  پشاور میں چینی ثقافتی مرکز چائنا ونڈو نے چھ ماہ دورانیے کے چینی لینگویج کورس میں داخلے کا اعلان کر دیا، کلاسیں ہفتے میں پانچ د ن ہوں گی، کورس کا دورانیہ چھ ماہ کا ہو گا۔ کورس کے لیے کوئی فیس نہیں ہے اور داخلے پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر دیے جائیں گے۔گوادر پرو کے مطابق چائنا ونڈو نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے تعاون سے کورس پیش کر رہا ہے۔ کورس کی تکمیل کے بعد، نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن طلباء کو ڈپلومہ فراہم کرے گا۔ امجد عزیز ملک نے 2018 میں چینی ثقافتی مرکز قائم کیا، جس میں کتابیں، چین کی 40 سالہ اصلاحات کی تصاویر، چینی کھانے پینے کی اشیاء ، سیاحتی مقامات، چین اور اس کے مشہور شہروں کے نقشے دکھائے گئے ہیں۔ کتابیں پاک چین تعلقات، چینی تاریخ، ثقافت، موسیقی، کھانے پینے کی اشیاء ، لوک داستانوں، ایکروبیٹکس، خطاطی وغیرہ کے بارے میں لکھی گئی ہیں۔ ملک کے مطابق، خیبر پختونخوا (کے پی) کے لوگ چین سے محبت کرتے ہیں اور یہ مرکز ایک ہی چھت کے نیچے اس خطے کے لوگوں کو چین کے بارے میں مکمل معلومات فراہم کرتا ہے۔ چھ ماہ کے ڈپلوموں سے قبل چائنہ ونڈو چینی زبان میں مختصر کورسز چلا رہی ہے۔ اس ماہ کے شروع میں کے پی کے وزیر برائے صحت اور خزانہ تیمور جھگڑا نے چائنہ ونڈو میں چوتھے بیچ کے طلباء میں چینی زبان کے کورس کی تکمیل کے سرٹیفکیٹس تقسیم کیے تھے۔ چائنا ونڈو نے سی پیک کے مختلف منصوبوں کے بارے میں بہت سے زائرین کے منفی تاثرات کو دور کر کے سی پیک کی ایک مثبت تصویر پیش کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
چائنا ونڈو 

مزیدخبریں