وزیراعظم کا روسی صدرپیوٹن سے رابطہ، توہین رسالت کیخلاف بیان کی تعریف

Jan 17, 2022 | 15:42

ویب ڈیسک

 پاکستان اورروس کے تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں، تجارتی واقتصادی تعلقات اورتوانائی کے تعاون پرتوجہ مرکوزکی گئی ہے، پرامن اور مستحکم افغانستان علاقائی استحکام کے لیے اہم ہے،افغانستان کو سنگین انسانی اور معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، وزیراعظم عمران خان

 وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اورروس کے تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں، تجارتی واقتصادی تعلقات اورتوانائی کے تعاون پرتوجہ مرکوزکی گئی ہے، پرامن اور مستحکم افغانستان علاقائی استحکام کے لیے اہم ہے،افغانستان کو سنگین انسانی اور معاشی چیلنجز کا سامنا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اورروسی صدرولادی میرپیوٹن کے درمیان ٹیلی فونک رابطے میں دونوں رہنماوں نے دوطرفہ تعلقات، عالمی اورعلاقائی امورپرتبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے روسی صدرپیوٹن کے توہین رسالت کیخلاف بیان کوسراہا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں اسلاموفوبیا میں خوفناک اضافے اوراس سے منسلک نفرت کو باقاعدگی سے اجاگرکیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اورروس کے تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں جس میں تجارتی واقتصادی تعلقات اورتوانائی کے تعاون پرتوجہ مرکوزکی گئی ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان علاقائی استحکام کے لیے اہم ہے۔افغانستان کو سنگین انسانی اور معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔ اس نازک موڑ پر افغانستان کے عوام کے لیے بین الاقوامی برادری کی حمایت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ وزیراعظم نے افغان عوام کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے افغانستان کے مالیاتی اثاثوں کے اجرا کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ دونوں رہنماوں نے دوطرفہ تعاون، اعلی سطح کے تبادلے بڑھانے اور افغانستان سے متعلق معاملات پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا اورایک دوسرے کو اپنے ممالک کے دورے کی دعوت دی۔

مزیدخبریں