وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ کسی سیاست کے بغیر جنوبی پنجاب کو ایک الگ صوبہ بنانے کے حکومت کے ایجنڈے کی حمایت کریں۔آج سینیٹ میں ایک بل پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کا الگ صوبہ وفاق کو مضبوط بنانے کے علاوہ مقامی لوگوں کو مساوی حقوق کی فراہمی میں مدد دے گا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم اپنے اس ایجنڈے کے حوالے سے اپنی پالیسی جاری رکھے ہوئے ہیں اور ہم نے آبادی کی برابری کی بنیاد پر جنوبی پنجاب کے لوگوں کیلئے الگ فنڈز مختص کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں جنوبی پنجاب کی آواز کو مضبوط بنانے کیلئے ایوان کی کارروائی میں بھی تبدیلی کی گئی ہے اور اس حوالے سے پنجاب حکومت نے ایک نوٹیفیکشین بھی جاری کردیا ہے۔اس سے قبل ایوان میں قائد حزب اختلاف یوسف رضا گیلانی نے حکومت پر زور دیا کہ وہ جنوبی پنجاب کو ترجیحی بنیادوں پر ایک الگ صوبہ بنانے کے حوالے سے اپنا وعدہ پورا کرے انہوں نے جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کیلئے اپنے دور حکومت کے دوران کی گئی حکومتی کوششوں کا بھی ذکر کیا۔