لاہور (خصوصی نامہ نگار)حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید تطہیرحسین زیدی نے کہا ہے کہ دختر رسول حضرت فاطمہ زہرا ؓخواتین عالم کیلئے نمونہ عمل ہے۔ سیرت فاطمہ پر عمل کر کے خواتین گھر کو جنت بنا ،اور اپنی دنیاوی و اخروی زندگی کو سنوار سکتی ہیں۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم صرف محبت کا دعویٰ ہی نہیں بلکہ سیرت محمد و آل محمدکو بھی اختیار کریں۔ان کی تمام دنیاوی اور اخروی امور میں پیروی کریں۔یہی دونوں جہاں کی کامیابی ہے۔ حضرت علی علیہ السلام ،سیدہ کائنات حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا سے شادی کے لیے بارات لائے تو حضرت سلمان فارسی نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حکم پر نعرہ تکبیر بلند کیا ،تاکہ اللہ کی کبریائی کا شعار بلند کریں۔ جامع مسجد علی جامعۃ المنتظر ماڈل ٹاؤن میں خطاب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی بیٹیوں کی شادی پر نعرہ تکبیر، نعرہ رسالت اور نعرہ حیدری بلند کریںتو خیر و برکت ہوگی۔ مولاناتطہیر زیدی نے کہا کہ کافر اور مشرک کی پہچان ہو جاتی ہے مگر منافق کی پہچان کرنا مشکل ہے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں پوری سورہ منافقون نازل فرمائی ہے۔ منافق کی پہچان کیلئے قرآن مجید اور سیرت علیؓ کسوٹی ہے کہ صرف پیروی کا دعویٰ کون کرتا ہے اور حقیقی طور پر عمل کون کرتا ہے۔
حضرت فاطمہ زہرا ؓخواتین عالم کیلئے نمونہ عمل ہے:سید تطہیرحسین
Jan 17, 2023