لاس اینجلس(این این آئی )امریکی ریاست کیلیفورنیا میں موسم سرما کے طوفان سائیکلون بم سے تباہی، صدر جوبائیڈن نے ریاست میں ہنگامی ایمرجنسی نافذ کردی۔غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا میں طوفان نے تباہی مچادی ، وائٹ ہائوس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکی صدر بائیڈن نے متاثرہ علاقوں میں بحالی کی کوششوں میں وفاقی امداد بڑھانے کا بھی حکم دیا ہے۔وائٹ ہائوس کے مطابق امریکی صدر کے اقدام سے مرسڈ، سیکرامینٹو اور سانتا کروز کانٹیز میں متاثرہ افراد کو وفاقی فنڈنگ دستیاب ہوگی۔کیلیفورنیا میں بارشوں، سیلاب اورلینڈ سلائیڈنگ کے باعث 19 اموات ہوچکی ہیں ، ریاست میں 55 ہزار سے زائد گھروں اور کاروباری مراکز کو بجلی کی فراہمی بھی منقطع ہے۔امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق کیلیفورنیا کے چند مقامات پر ہونے والی بارش نے 150 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ۔